بہت جلد قبائلی اضلاع کے عوام انضمام کے ثمرات سے مستفید ہوں گے،وزیراعلیٰ محمود خان

پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ضلع اورکزئی سمیت تمام قبائلی اضلاع کی پائیدار بنیادوں پر ترقی اور عشروں پر محیط قبائلی عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کیلئے قلیل المدتی اور طویل المدتی منصوبہ بندی کے تحت اقدامات اُٹھارہی ہے ۔ حکومت کے ان اقدامات کے خاطر خواہ نتائج سامنے آرہے ہیں ، بہت جلد قبائلی اضلاع کے عوام انضمام کے ثمرات سے مستفید ہوں گے اور اُن کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں رونما ہوں گی ۔وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ صوبائی حکومت قبائلی اضلاع میں پائی جانے والی سیاحت کے مواقع کا بھر پور استعمال کرکے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے بھی اقدامات اُٹھارہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف ضلع اورکزئی کے کارکنان کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے اورکزئی سے منتخب ممبر صوبائی اسمبلی غزن جمال کی قیادت میں اُن سے ملاقات کی اور ضلع اورکزئی میں عوامی مسائل کے حل ، ضلع اورکزئی میں آنے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے پارٹی کی تیاریوں سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد کے دیگر ارکان میں سید اﷲ، ملک ممتاز، عبدالرحمن، دُر خان اور دیگر شامل تھے ۔ وفد کے ارکان نے ضلع اورکزئی کی ترقی اور وہاں کے عوامی مسائل کے حل کیلئے مثالی اقدامات پر صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کو ضلع اورکزئی کے دورے کی دعوت دی جسے قبول کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ عنقریب اورکزئی کا دورہ کرکے وہاں کے عمائدین اور ہر طبقہ زندگی کے لوگوں سے ملاقاتیں کریں گے اور علاقے کے عوامی مسائل کو پائیدار بنیادوں پر حل کرنے کیلئے مقامی عمائدین سے مشاورت کریں گے ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پارٹی کے نئے صوبائی صدر تمام اضلاع کا دورہ کرکے نچلی سطح تک پارٹی کی نئی تنظیم سازی کیلئے کارکنان کے ساتھ مشاورتی نشست منعقد کریں گے ۔ اُنہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے پارٹی ٹکٹس مقامی تنظیموں اور کارکنان کی مشاورت سے میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پر دیئے جائیں گے اور وہ غلطیاں نہیں دہرائی جائیں گی جو ان انتخابات کے پہلے مرحلے میں سرزد ہوئیں ۔ اُنہوںنے پارٹی کارکنان پر زور دیا کہ وہ ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے پارٹی کے فیصلوں کو تسلیم کریں اور پارٹی اُمیدوار کو کامیاب بنانے کیلئے آپس میں اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں۔ ضلع اورکزئی میں پارٹی ورکروں کے درمیان پائے جانے والے اتحاد و اتفاق کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ وہ پارٹی کے بہتر مفاد میں آئندہ بھی اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو برقرار رکھیں گے ۔