شمالی وزیر ستان: قوم کابل خیل ​سالانہ ٹیلنٹ ایوارڈ شو کا انعقاد

پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ریلیف، بحالی و آبادکاری اقبال وزیر نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان سمیت تمام قبائلی اضلاع کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اس سلسلے میں صوبائی حکومت تمام قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ابھارنے کے لئے انکو مواقع فراہم کررہی ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے پشاور میں شمالی وزیرستان کے قوم کابل خیل ٹیلنٹ اینڈ ایوارڈ شو میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کے نوجوانوں کو سہولیات دینے سے اور انکی صلاحیتیں پوری دنیا کے سامنے لانے سے پاکستان کا نام روشن ہوگا انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی محمود خان کی قیادت میں ضم اضلاع ترقی کی راہ پر گامزن ہیں کیونکہ صوبائی حکومت کی جانب سے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت، پاک فوج اور عوام کی قربانیوں سے ضم اضلاع میں امن بحال ہوا ہے جسکی وجہ سے ضم شدہ اضلاع میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو چکا ہے انھوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ضم اضلاع کی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اقبال وزیر نے مذکورہ ایوارڈ شو کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور ہر سال کابل خیل ٹیلنٹ اینڈ ایوارڈ شو منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کابل خیل ٹیلنٹ ایوارڈ شو کے تمام اخراجات میں خود برداشت کروں گا، اقبال وزیرنے مزید کہا کہ اسطرح کے پروگرامات کا تسلسل ہمیشہ جاری رہیگا تاکہ ہم اپنے قوم کے نوجوانوں کو ہر میدان میں پروموٹ کر سکیں، آخر میں صوبائی وزیر نے شمالی وزیرستان کے قوم کابل خیل کے نوجوانوں میں ایوارڈ تقسیم کئے۔