شمالی وزیرستان:افغانستان سے متصل تمام بارڈر پوائنٹس پر عوام اور تاجر برادری کو سہولیات دینا ترجیح ہے، محمد علی سیف

شمالی وزیرستان: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں اپنے علاقوں کو واپس آنے والے شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ افغانستان سے متصل تمام بارڈر پوائنٹس پر عوام اور تاجر برادری کے لیے سہولیات فراہمی کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر غلام خان کے دورے کے موقع پر کیا۔ معاون خصوصی اطلاعات اس موقع پر مسافروں سے ملے اور انہیں اپنے علاقوں کو واپس آنے پر خوش آمدید کہا اور ان کے مسائل بھی سنے۔ انہوں نے بارڈر پر فراہم کردہ سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔غلام خان بارڈر پر متعلقہ حکام کی جانب سے معاون خصوصی کو مختلف سیکشنز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان سے افغانستان نقل مکانی کرنے والے افراد کی واپسی پر ان کی بحالی و آبادکاری جاری ہے۔ ان شہریوں کے لیے ڈومیسائل، شناختی کارڈاور ٹھیکہ مرکز سمیت تمام سہولیات موجود ہیں۔ بیرسٹر محمد علی سیف نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ تمام بارڈر پوائنٹس پر عوام اور تاجر برادری کو سہولیات دینا صوبائی حکومت کی ترجیح ہے۔ اس سے نہ صرف اس علاقے بلکہ پورے صوبے میں خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک افغان تجارت سے نہ صرف تاجر برادری مستفید ہوتی ہے بلکہ ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان ان بارڈر پوائنٹس کو کاروباری مراکز میں تبدیل کرنے کے خواہاں ہیں۔