قبائلی اضلاع ترقی کے سفر کی طرف گامزن ہے، کامران خان بنگش

پشاور:خیبر پختونخوا کے وزیر برائے محکمہ اعلی تعلیم کامران خان بنگش نے کہا ہے کہ وزیراعلی محمود خان کی قیادت میں قبائلی اضلاع کی محرومیوں کا ازالہ کیا جارہا ہے، عوام کو بہترین سہولتیں فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، قبائلی اضلاع میں تعلیم کے فروغ اور سرمایہ کاری کے مواقع متعارف کروانے کے لیے نئی یونیورسٹیوں کے قیام کے لئے رجسٹریشن فیس معاف کردی ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا،انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں تاکہ شفافیت اور میرٹ برقرار رہے۔ قبائلی اضلاع میں نئی بننے والی یونیورسٹیوں کی رجسٹریشن اب آن لائن کی جائے گی،تعلیمی اداروں میں ڈیجیٹلائزیشن اور بہترین مانیٹرنگ سٹرکچر متعارف کروا رہے ہیں تاکہ 19ویں صدی کے طور طریقوں سے آگے بڑھا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کی بدولت دیرپا امن میسر ہوا، قبائلی اضلاع ترقی کے سفر کی طرف گامزن ہے۔ کامران خان بنگش نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم کے شعبہ میں متعدد اصلاحات متعارف کروا چکی ہے، پیشہ ورانہ اور تکنیکی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے نوجوانوں کو جدید ٹیکنیکل اور ووکیشنل تعلیم و تربیت دی جارہی ہے۔ نوجوانوں کو ہنرمند بنا کر ہی پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ آج کل کے دور میں دینا بھر میں ہنر مند افراد کی بہت مانگ ہے۔