شمالی وزیر ستان: وزیراعلی خیبرپختونخوا نے قبائلی اضلاع کی ترقی پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے، بیرسٹر محمد علی سیف

شمالی وزیر ستان:ضم شدہ اضلاع کے عوام کو ہر لحاظ سے فوقیت دینے اور وہاں خدمات کی فراہمی بہتر بنانے کی غرض سے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف شمالی وزیرستان پہنچ گئے جہاں انہوں نے صوبائی وزیر بحالی و آبادکاری اقبال وزیر و ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا جہاں علاقائی مشران نے کابینہ ممبران کے سامنے اپنے درپیش چیلنجز و مسائل بیان کیے جبکہ شمالی وزیرستان پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا گیا۔کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ وزیراعلی محمود خان کی خصوصی ہدایت پر شمالی وزیرستان آیا ہوں۔کیونکہ موجودہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ یہاں پر ہر لحاظ سے پائے جانے والے احساس محرومیوں کا ازالہ ہو اسی لیے وزیراعلی خیبرپختونخوا نے قبائلی اضلاع کی ترقی پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی محکمہ اطلاعات نے ضم شدہ اضلاع میں اپنی توسیع مکمل کر لی ہے، جس کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔ پولیس، صحت، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، مواصلات، تعلیم سمیت دیگر تمام متعلقہ محکموں نے قبائلی اضلاع میں خدمات کی بہترین فراہمی شروع کر رکھی ہے۔ ضم شدہ اضلاع کے صحافیوں کے حوالے سے منعقدہ تقریب حلف برداری سے معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے صحافیوں نے کٹھن حالات میں صحافت کو زندہ رکھا۔شمالی وزیرستان کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے وزیراعظم اور وزیراعلی خیبر پختونخوا سے خود بات کروں گا تاکہ ترقی کے اس سفر میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ سامنے نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان پریس کلب کو سالانہ گرانٹ جلد جاری ہوجائے گا کیونکہ امسال تکنیکی وجوہات کی بناء پر رہ گیا۔ شمالی وزیرستان پریس کلب کے لیے ایک کروڑ سڑسٹھ لاکھ روپے کے فنڈز بھی جلد ریلیز ہوں گے۔جس سے شمالی وزیرستان پریس کلب میں لائبریری سمیت دیگر تمام متعلقہ ضروری انفراسٹرکچر تعمیر ہوگا۔