شمالی وزیرستان میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے، محمد اقبال وزیر

شمالی وزیرستان :خیبر پختونخوا کے وزیر برائے امداد و بحالی اور آباد کاری محمد اقبال وزیر نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی ہدایت اور وژن کے مطابق شمالی وزیرستان میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ ضم شدہ اضلاع کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فرہمی کے لئے ترقیاتی عمل جلد پایہ تکمیل کو پہنچے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میر انشاہ میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عمائدین علاقہ سمیت ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔صوبائی وزیر نے کہاکہ شمالی وزیرستان ترقی کے لحاظ سے تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اوراس علاقے کی محرومی کا حکومت کو بھر پور احساس ہے یہی وجہ ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا وزیرستان کی ترقی میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور مختلف منصوبوں کی تکمیل کے لئے بھاری فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔موجودہ صوبائی حکومت کی پالیسیوں کا ذکر کرتے ہوئے اقبال وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام دوست اقدامات اٹھائے ہیں اور عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کے لئے صحت و تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں نمایا ں اصلاحات کی ہیں اورجو کام پی ٹی آئی کی حکومت نے محدود عرصے میں کئے ہیں ان کی مثال ماضی کی کسی حکومت میں نہیں ملتی اور آج پی ٹی آئی کی حکومت کی کارکردگی سے شمالی وزیرستان کے عوام بھی مطمئن ہیں انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے عوام کل بھی پی ٹی آئی کے ساتھ تھے آج بھی ہیں اور پی ٹی آئی کے بہتر منشور اور کار کردگی پرآئندہ بھی ساتھ رہیں گے۔