قبا ئلی اضلاع میں ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے، بیرسٹر محمد علی سیف

پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیرقیادت کی بدولت نئے ضم شدہ اضلاع میں ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے جس کے ثمرات عام آدمی تک صحت کارڈ، پولیس سروسز، تعلیمی وظائف بہترین نکاسی آب کے نظام کی شکل میں ملنا شروع ہوگئے ہیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا صوبے کی تاریخ میں واحد وزیراعلیٰ ہیں جنہوں نے بغیر کسی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے تمام اضلاع پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے شمالی وزیرستان کی ٹوچی فلاحی تنظیم کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں شمس الرحمن، ضیاء السلام، انجینئر رحمت اللہ خان اور معمورجان داوڑ سمیت کئی عمائدین علاقہ شریک رہے۔معاون اطلاعات بیرسٹر سیف نے وفد سے گفتگو کے دوران کہا کہ دیگر اضلاع کی طرح ضم شدہ اضلاع میں ترقی کا پہیہ چل پڑا ہے، صرف محکمہ اطلاعات نے ضم اضلاع میں عوام کو ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر اہم ایشوز پر باخبر رکھنے کی غرض سے پختونخوا ریڈیو نیٹ ورک کا جال بچھا رکھا ہے، پولیس سروسز کے حوالے سے بھی خاطر خواہ کام ہو رہا ہے، تعلیمی اداروں کی فعالی و بحالی ممکن بنائی جا چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر بہت جلد شمالی وزیرستان جاؤں گا تاکہ عوام اور حکومت کے درمیان رابطے مزید استوار ہوں۔ علاوہ ازیں، ملاقات میں بنیادی طور پر شمالی وزیرستان میں صحت عامہ اور تعلیمی استحکام کی تجاویز زیر غور آئیں،ثانوی طور پر مسمار شدہ میرعلی، دتہ خیل اور میرانشاہ کی مارکیٹوں کا لینڈ لاس اور متاثرین کو رقم کی ادائیگی، نشے کی روک تھام، غلام خان بارڈر پس پر تجارت کے فروغ، میرعلی میں محکمہ اطلاعات کی وسعت و سرگرمیاں اور دیگر باہمی دلچسپی اور علاقائی ترقی کے امور زیر گفتگو آئے۔فلاحی ادارے ٹوچی کے وفد نے بیرسٹر سیف کے پہلے دورہ شمالی وزیرستان کو خوش آئند قرار دیا۔وفد نے معاون خصوصی بیرسٹر سیف کے عوام دوست انداز کو سراہتے ہوئے اپنے تاثرات شریک کیے کہ حکومت خیبر پختونخوا شمالی وزیرستان میں تمام سیکٹرز کی بہتری کیلئے احسن اقدامات کرنے جارہی ہے، جسکو فلاحی تنظیم ٹوچی خوش آمدید کے ساتھ ساتھ ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلاتی ہے۔