قبائلی عوام کی قربانیاں پاکستان کی تاریخ میں ایک روشن باب سے ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، آئی جی ایف سی ساوتھ

جنوبی وزیر ستان:انسپکٹرجنرل فرنٹئیر کور میجر جنرل محمد منیر نے احمد زئی وزیر،سلیمان خیل اور دوتانی مشران کیساتھ تعارفی جر گہ کیا ۔ جس میں قبائلی عمائدین سمیت کمانڈنٹ ایف سی ساؤتھ نے شرکت کی۔ قبائلی مشران ملک علاؤالدین ملک نورعلی اور ملک سردار عباس ودیگر نےآئی جی ایف سی کو خوش آمدید کہا اس موقع پر مشران نے اپنے علاقے کے مسائل سے آ ئی جی ایف سی کو اگاہ کیا اور امید ظاہر کی کہ موصوف جنوبی وزیر ستان کی ترقی کے لئے اہم کردار ادا کرینگے .جرگے سے خطاب کرتے ہوئے آ ئی جی ایف سی کا کہنا تھا کہ قبائلیوں کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ حکومت قبائلیوں کی قربانیوں کو قدر کی نکاہ سے دیکھتی ہے قبائل محب وطن پاکستانی ہیں ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے تمام تر دستیاب وسائل کو برو ئے کار لایا جائے گا، آئی جی ایف سی ساوتھ نے جنوبی وزیرستان کے قبائل کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قبائلی مشران دہشتگردی کیخلاف جنگ میں حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے اور اپنی جانوں کا نذرانے پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا۔قبائلی عوام کی قربانیاں پاکستان کی تاریخ میں ایک روشن باب سے ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔