قبائلی ضلع خیبر میں ​ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کا سبب بننے والی تین فیکٹریاں سیل

خیبر:کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ خیبر کی محکمہ ماحولیات کے ہمراہ باڑہ میں اسٹیل اور رولنگ ملز کارخانوں کیخلاف مشترکہ آپریشن ، ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 03 اسٹیل فیکٹریاں سیل،ڈپٹی کمشنر خیبر منصور ارشد کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر (باڑہ) نیک محمد بنگش کی زیرنگرانی تحصیلدار آصف خان اور محکمہ ماحولیات حکام کے ہمراہ باڑہ میں 11 اسٹیل ملز، رولنگ ملز اور دیگر فیکٹریوں میں محکمہ ماحولیات کے مقرر شدہ ضابطہ اخلاق اور ماحولیاتی الودگی کا جائزہ لیا۔کارروائی کے دوران محکمہ ماحولیات کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور ماحولیات الودگی کا باعث بننے والے 03 فیکٹریوں کو سیل کردیا گیا ہے جن کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ جبکہ 04 فیکٹریوں کے مالکان کو تنبیہہ جاری کی گئی ہے جس پر مقررہ مدت کے دوران عمل در آمد یقینی بنائی جائیگی۔اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر خیبر منصور ارشد نے تمام ضلعی اسسٹنٹ کمشنروں کو روزانہ کی بنیاد پر ہدایات جاری کی ہے جس کے لئے محکمہ ماحولیات اور دیگر حکام پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھی جو کہ ضلع بھر میں واقع فیکٹریوں کارخانوں کا دورہ کرکے ضابطہ اخلاق اور ماحولیاتی آلودگی کا جائزہ لیکر متعین شدہ ایس او پیز اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ان کیخلاف کارروائی عمل میں لارہی ہیں تاکہ ماحولیاتی الودگی کو روکا جاسکیں.