جنوبی وزیر ستان: محسود ویلفئیر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ٹیلنٹ ایوارڈ پروگرام کا انعقاد، برگیڈئیر نیک نام محمد بیگ کی شرکت

جنوبی وزیر ستان:محسود ویلفئیر ایسوسی ایشن کے تحت سالانہ ٹیلنٹ ایوارڈ پروگرام کا انعقاد،کیڈٹ کالج سپینکئی نے میزبانی کی۔مہمان خصوصی برگیڈئیر نیک نام محمد بیگ تھے۔چئیرمین رحمت خان ، وائس چئیرمین حاجی جہانزیب خان برکی ، اور پرنسپل کیڈٹ کالج سپنکئی رغزئی کرنل طارق سہیل سمیت علاقے کے معززین، مشران، سماجی و مذہبی شخصیات، اساتذہ و طلبہ ،وکلاء اور صحافی حضرات نے شرکت کی۔ چیف آرگنائزر جناب کرنل متین ، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر نورزمان ، ڈپٹی سیکریٹری پی ایم ہاؤس احسان محسود، سی ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری نعمت اللہ خان ، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ روشان محسود اور ڈاکٹر فضل غنی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اس پروگرام کے چیف آرگنائزر کرنل متین تھے۔ماوا کراچی کے کوآرڈینیٹر سر شمس اللہ اور ماوا ایجوکیشن کمیٹی کے چئیرمین عبداللہ صدیقی نے سٹیج سیکریٹری کے فرائض سرانجام دیے۔شرکاء کی دلچسپی دیدنی تھی۔ پروگرام کے آغاز سے ہی آڈیٹوریم مکمل بھر گیا تھا ۔پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔محسو د ویلفئیر ایسوسی ایشن کے وائس چئیرمین حاجی جہانزیب خان برکی نے افتتاحی کلمات پیش کیے۔ آپ نے کیڈٹ کالج سپنکئی کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس پروگرام کی میزبانی کی ۔ محسود و برکی بزنس کمیونٹی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے ہمیشہ احسان مند رہیں گے، جنہوں نے ہر موڑ پر ماوا کو سپورٹ کیا ہے۔شرکاء کےسامنے ماوا کی 8 سالہ کارکردگی پر مشتمل ڈاکومنٹری پیش کی گئی، جسے شرکاء نے کافی سراہا۔میٹرک ، انٹر اور شہاد ۃ العالمیۃ میں علاقے کی سطح پر نمایاں نمبرات حاصل کرنے والوں کو شیلڈز اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔وزیرستان کے سرکاری سکولوں کی سطح پر بھی اعلیٰ نمبرات لینے والوں کو شیلڈز پیش کی گئیں۔پروگرام میں جنوبی وزیرستان کے تعلیمی اداروں اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کرام کو بھی اسناد پیش کی گئیں۔اس موقع پر مہمان خصوصی بریگیڈئیرنیک نام محمد بیگ نے اپنی تقریر میں کہا کہ ان شاءاللہ ماوا کے پلیٹ فارم سے اس علاقے کی تقدیر بدل جائے گی۔ ایم این اے مولانا جمال الدین نے ماوا رضاکاروں کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ خدمت خلق ایک عظیم کام ہے، تاہم اس کے ثواب اور برکت کی بنیاد اخلاص پر ہے، اس لئے تمام رضاکاروں کو چائیے کہ اپنے کام میں جس قدر ہوسکے، خلوص پیدا کریں۔ ایم پی اے مولانا عصام الدین نے اپنی گفتگو کے دوران کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کی بھی ضرورت ہے۔ ماوا کو چاہئے کہ طلبہ کی اخلاقی اور دینی تربیت کےلیے بھی پروگرامات اور ورکشاپس کا انعقاد کرے۔پروگرام میں کراچی سے تعلق رکھنے والےایم این اے سیف الرحمٰن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ اس علاقے کی تعلیمی ضروریات کی جانب توجہ دے ۔ بدقسمتی سے حکومت کی توجہ اس جہت کی جانب کم ہے۔فکس اٹ کے بانی اور ایم این اے عالمگیر محسود نے ماوا کا شکریہ ادا کیا، جو محسود کمیونٹی کی تعمیر و ترقی کے سلسلے میں کوشاں ہے۔پروگرام میں سابق سنیٹر مولانا صالح شاہ نے بھی شرکت کی۔ آپ نے ماوا کی کاوشوں کو سراہا اور قومی خدمت کےسلسلے میں ہر قسم کے تعاؤن کی یقین دہانی کرائی۔محسود آفیسرز فورم کے چئیرمین کرنل یعقوب نے شرکاء پر زور دیا کہ جب تک ہمارے درمیان اتحاد و اتفاق قائم نہیں ہوتا، ہمارے مسائل ختم نہیں ہوسکتے۔ ماوا چئیرمین رحمت خان نے کہاکہ یہ تنظیم کسی ایک فرد کی ملکیت نہیں، یہ ہم سب کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے اور ہم سب نے مل کر اس کے ذریعے اپنی قوم کی خدمت کرنی ہے۔ آپ نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے دوردراز سے آکر پروگرام میں شرکت کی۔ اپنی تقریر کے دوران آپ نے خبیب فاؤنڈیشن کا ذکر بھی کیا، جو ماوا کے ساتھ مختلف پراجیکٹ میں تعاؤن کررہی ہے۔ آپ نے پرنسل کرنل طارق اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کی، جنہوں نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں بھرپور کوشش کی۔کیڈٹ کالج سپنکئی کے پرنسل کرنل طارق نے کہا کہ ہمارا ادارہ ماوا کے لیے ہر وقت کھلا ہے ،ہماری خواہش ہے کہ ہم ایک ساتھ مل کر چلیں ، تاکہ اس علاقے سے جہالت کی تاریکیوں کا ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خاتمہ کرسکیں۔