کیا مستقل مزاجی کامیابی کا راز ہے؟

تحریر: سید اعتزاز گیلانی ۔۔۔۔
ہماری روزمرہ کی زندگی میں ہم بہت مصروف ہوتے ہیں اور مختلف کام کرتے ہیں مگر ہمارے کام کرنے کے انداز مختلف ہوتے ہیں کُچھ لوگ کسی بھی کام کو بڑے احسن طریقے سے سر انجام دیتے ہیں اور کچھ کام کو بوجھ سمجھتے ہوئے ٹال مٹول سے کام کرتے ہیں۔ اب ہم بہت سے کامیاب لوگوں کو دیکھتے ہیں جو ہر روز ہمارے سامنے گھوم پھر رہے ہوتے اور ہم سوچ میں گم ہو جاتے ہیں کہ فلاں شخص کامیابی پہ کامیابی سمیٹ رہا ہے مگر ہم وہیں جوں کے توں اور ہماری زندگی پر کوئی فرق نہیں پڑھ رہا۔ اب جس بات کو سمجھنے کی ضرورت ہے وہ یہ ہے کہ ایسی کیا چیز ہے جو کامیابی اور ناکامی دونوں میں فرق ڈال رہی ہے۔ اب یقیناً کچھ ایسی خاص چیزیں ضرور ہیں جو ایک کامیاب شخص کو باقیوں سے ممتاز کرتی ہیں۔ اب ہم مستقل مزاجی کی بات کرتے ہیں جو کہ ایک ایسی چیز ہے جو بہت بڑا فرق پیدا کرتی ہے۔ ایک مثال لے کر آگے بڑھتے ہیں ایک شخص جو روز پانچ گھنٹے مطالعہ کرتا ہے اور وہ ہر روز مقررہ وقت پر اپنی کرسی پر بیٹھ جاتا ہے اور پوری زمہ داری اور توجہ سے کام کرتا ہے اور دوسرا شخص ایک دن دو گھنٹے مطالعہ کرتا ہے ایک دن کرتا ہی نہیں کسی دن دس گھنٹے تک کام کرتا ہے۔ کیا ایسا شخص مستقل مزاج ہوگا ؟ اگر دونوں اشخاص میں موازنہ کیا جائے تو یقینًا بہت فرق ہوگا پہلے والا شخص ایک مستقل مزاجی سے محنت کر رہا ہے اور وہ بہت اچھے نتائج دے گا کیوں کہ وہ ایک نظم و ضبط کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ اب عملی زندگی میں ہم دیکھیں تو روز مرہ کے کاموں میں ہم انہی دو اشخاص کی طرح چلتے ہیں اب اگر ہم مستقل مزاجی سے اور پوری زمہ داری سے اپنے کام کو سر انجام دیں گے تو یقیناً کامیابی ہمارا مقدر ہوگی اور اگر غیر زمہ داری سے ٹال مٹول سے کام کرتے رہیں گے تو پھر تو دوسروں کی ہی کامیابی کو دیکھ کر ترستے رہیں گے۔
ایک لمبے عرصے تک مستقل مزاجی سے کام کرنا انسان کی زندگی میں انقلاب برپا کرتا ہے اور وہ انسان اس قابل ہو جاتا ہی ہے کہ دُنیا کی سختیوں کا بڑی مہارت سے مقابلہ کرتا ہے اور اپنی زندگی کو پر سکون اور کامیاب بناتا چلا جاتا ہے۔ اپنی خودی کو بلند کرنا پڑتا ہے اپنی زندگی کو متوازن اور نظم و ضبط کے ساتھ اگر گزرا جائے تو اللہ تعالیٰ بھی اپنے بندے کا ساتھ نہیں چھوڑتا اور یوں انسان بلندیوں کو سر کرتا جاتا ہے۔
انتھونی رابنس نے کیا خوب کہا ہے۔
“وہ چیز جو ہم زندگی میں ایک بار کرتے ہیں ہماری زندگی کو نہیں بناتی بلکہ وہ چیز ضرور بناتی ہے جو ہم بار بار کرتے ہیں۔”
مستقل مزاج ہونا یہ ہے کہ آپ کی پوری توجہ ایک ہی نقطہ پر مرکوز ہو اور آپ مستقبل کو دیکھتے ہے پوری زمہ داری سے کام کرتے جائیں۔
مستقل مزاجی آسان کام نہیں یہ بہت مشکل کام ہے اور ہر شخص آسانی سے مستقل مزاج بن بھی نہیں سکتا۔ وہ شخص جو جلد باز اور اور جلدی نتائج حاصل کرنے کا خواہش مند ہو وہ مستقل مزاج آسانی سے نہیں بن پائے گا وہی شخص بنے گا جو صبر کے ساتھ نتائج کا انتظار کرے اور روز مقررہ وقت پر کام کرے۔