جنوبی وزیرستان: آئی جی ایف سی ساؤتھ میجر جنرل عمر بشیر نے وانا میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ آفس کا افتتاح کردیا

جنوبی وزیرستان :آئی جی ایف سی ساؤتھ میجر جنرل عمر بشیر نے ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان خالد اقبال کے ہمراہ وانا میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے نئے آفس کا افتتاح کیا۔افتتاح سے قبل احمد زئی زلی خیل وزیرکے مشران کا آئی جی ایف سی ساؤتھ میجر جنرل عمر بشیر اور ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان خالد اقبال کے ساتھ وانا کیمپ میں جرگہ کیا، جرگے میں کمانڈنٹس ساؤتھ وزیرستان سکاؤٹس کرنل وسیم الطاف، کرنل اویس اور اسسٹنٹ کمشنر وانا بشیرخان بھی موجود تھے۔ جرگہ میں ترقیاتی منصوبے، واٹر سٹوریج اور ڈیموں کی تعمیر، نادرہ سنٹرز کے قیام، مجموعی امن و امان کی صورتحال، زمینی تنازعات کا پرامن اور بروقت حل بشمول کرکنڑہ تنازعہ اور دیگر امور پر تفصیلی بحث ہوئی۔ آئی جی ایف سی ساؤتھ نے احمد زئی وزیر قبائل کو تمام تصفیہ طلب مسائل کے بروقت حل کی یقین دہانی کرائی اور مسائل کے حل میں قریبی تعاون فراہم کرنے اور امن وامان میں مثبت کردار ادا کرنے پر مشران کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر زلی خیل احمد زئی وزیر کے مشران نے امن و امان کے قیام اور مسائل کے حل کیلئے سیکیورٹی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو بھرپور تعاون فراہم کرنے کا عہد کیا۔