فرنٹ ڈیسک پراجیکٹ

تحریر : انجینئر عنصر اعوان ۔۔۔۔
فرنٹ ڈیسک پراجیکٹ لاہور میں 2015 میں شروع کیا گیا.
تھانہ کلچر کی تبدیلی کے لئے پنجاب کے تمام تھانوں میں یہ سسٹم نافذ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا اور پہلے مرحلے میں لاہور کے تمام تھانوں سمیت پنجاب میں مجموعی طور پر 202 تھانوں میں فرنٹ ڈیسک کے قیام سے اس کا آغاز ہوا. جسے 2016 تک پورے پنجاب کے ہر ایک تھانے تک پھیلا دیا گیا.
فرنٹ ڈیسک جیسے منصوبے کے تحت براہِ راست ایس ایچ او اور محرر سے رابطہ کرنے کے بجائے کسی بھی سائل کی شکایت کا اندراج اسی فرنٹ ڈیسک پر ہو نے لگا۔
فرنٹ ڈیسک پر کام کرنے کے لئے نوجوان تعلیم یافتہ اور آئی ٹی ٹرینڈ سول اہلکاروں کو بھرتی کیا گیا. جس میں پڑھے لکھے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو بزریعہ NTS میرٹ پر بھرتی کیا گیا. جن میں SSA کو 32000 روپےجبکہ PSA کو 25000 روپے کی فکس سیلری Lump Sum پر بھرتی کیا گیا. جن کا کام تھانے میں آنے والے شہریوں کو فوری امداد اور معاونت فراہم کرنا ہے۔ فرنٹ ڈیسک کے عملہ کا خوشگوار رویہ شہریوں کے لئے اطمینان بخش ثابت ہو رہا ہے. فرنٹ ڈیسک پر کام کرنے والے عملے کی تربیت اس انداز میں کی گئی ہے کہ یہ شہریوں کی خدمت اور ان سے خوش اخلاقی سے پیش آنے کو اپنی ڈیوٹی تصور کرتے ہیں. لاہور سمیت جن اضلاع میں فرنٹ ڈیسک کام کر رہے ہیں ان کے نہایت مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں. جو اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ تھانہ کلچر تبدیلی کی سمت رواں ہے. فرنٹ ڈیسک جیسے منصوبوں سے لگتا ہے کہ پنجاب پولیس کی جانب سے پولیس کلچرکو تبدیل کرنے کی کوششیں جاری ہیں لیکن یاد رہے کہ کسی بھی منصوبے کو بنانا کمال نہیں بلکہ اس کو چلانا اور اسکے فوائد عوام تک پہنچانا اسکی اصل کامیابی ہے۔
فرنٹ ڈیسک پراجیکٹ پولیس فورس کے مجموعی تشخص کو بہتر کرنے میں معاون ثابت ہوا ہے. فرنٹ ڈیسک پر فرائض سر انجام دینے والا تمام اسٹاف اپنی بہترین کارکردگی اور سروس ڈیلیوری کے زریعے سائلین کے مسائل کے حل کیلئے خلوص نیت اور لگن سے عمل پیرا ہے. فرنٹ ڈیسک کے تمام ملازمین محکمہ پولیس میں بہت اچھا کام کر رہے ہیں اور کرپشن سے پاک نوکری کر رہے ہیں. لیکن تقریباً چھ سال گزرنے کو باوجود نہ تو بقیہ محکمہ جات کی طرح انکی کوئی سالانہ انکریمنٹ لگائی گئی اور نہ ہی اب تک ان ملازمین کو مستقل کیا گیا ہے. جسکی وجہ سے فرنٹ ڈیسک کے ملازمین اب تنگ آکر محکمہ پولیس کو خیر باد کہنا شروع ہو گئے ہیں. پنجاب کے تمام تھانوں کے فرنٹ ڈیسک ملازمین روز بروز محکمانہ کام کے بوجھ اور تنخواہ میں اضافہ نہ کرنے پر دلبرداشتہ ہو چکے ہیں. فرنٹ ڈیسک کے سینکڑوں ملازمین نے افسران بالا کو جائز مطالبات پورے کرنے کی اپیل کی ہے. اگر انکے جائز مطالبات کو پورا نہ کیا گیا اور ملازمین کے استعفے اسی طرح جاری رہے تو بہت جلد ایک عوامی فلاحی پراجیکٹ معدوم ہو جائے گا.
پنجاب حکومت سے اپیل کی جاتی ہے کہ فرنٹ ڈیسک ملازمین کے جائز مطالبات پورے کئے جائیں. انکے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے انکو مستقل کیا جائے اور دیگر اداروں کی طرح انکی تنخواہوں میں بھی سالانہ اضافہ کیا جائے. تاکہ یہ پراجیکٹ چلتا رہے اور عوام اس سے مستفید ہوتی رہے.