کامیابی قسمت سے یا محنت سے

تحریر: سید اعتزاز گیلانی ۔۔۔۔۔
خیر سے اکیسویں صدی چل رہی ہے دُنیا کے اس بھنور میں لوگ گول گول گھوم رہے ہیں، سب اپنے اپنے معمولات زندگی چلانے کے لیے کوشاں ہیں۔ مگر یہ زندگی ہے ہر ایک کے لیے یکساں بھی نہیں وہ ایسے کہ اب دیکھا جائے تو انسانوں کی تقسیم کچھ اس طرح سے ہے کہ کچھ کو زندگی میں بہت کچھ مل جاتا ہے اور کچھ وہ ہوتے جو بڑی مشکل سے دن کاٹ رہے ہوتے ہیں۔ خیر تقسیم تو اللہ نے رکھی ہے اب انسان اسّی تقسیم کے تحت زندگی گزارتا بھی چلا جا رہا ہے۔ ایک بات جو اصل موضوع سخن ہے وہ ہے کامیابی قسمت سے ملتی ہے یا محنت سے ؟ یہ ایک مشکل سوال ہے خیر اتنا بھی مشکل نہیں مگر اسکا جواب تھوڑا پیچیدہ ضرور بن جاتا ہے۔ ہم اکثر لوگوں سے سنتے رہتے ہیں کہ فلاں بندے کی قسمت اچھی ھے اس وجہ سے وہ کامیابی حاصل کر پایا۔ جب کہ فلاں کی تو قسمت ہی خراب ہے اس وجہ سے وہ آگے نہیں بڑھ پاتا۔ اب یہ جملے جو قسمت کو کامیابی یا ناکامی کی وجہ بتا رہے اور یہ معروف بھی ہیں انکی وجہ کیا ہوگی ؟ اسکا جواب آپ خود سے پوچھیں۔ ہم آگے بڑھتے ہیں کہ کیا واقعی صرف قسمت ہی کی وجہ سے کامیابی ہو سکتی ہے تو میں اس کی نفی کرتا ہوں۔ کیوں کہ اگر سب کچھ قسمت سے ہی ہوتا تو آج دُنیا اُن عظیم لوگوں کی مثالوں سے بھری پڑی ہے جنہوں نے دن رات ایک کر کہ کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیں۔ وہ لوگ قسمت کو نہیں دیکھتے تھے وہ محنت پر یقین رکھتے تھے۔ مسلمان کا تو کامل یقین ہونا چاہیے کہ محنت ہی کامیابی کی اصل وجہ ہے۔ کیوں کہ یہ دین جو ہم تک پہنچا ہے یہ صرف اور صرف اللہ کے بندوں کی محنت کی وجہ سے پہنچا ہے۔ قرآن کی یہ آیت اپنے اندر بہت سے راز لیے ہوئے ہے۔
“اور یہ کہ انسان کے لیے کچھ نہیں ہے مگر وہ جس کی اُس نے سعی کی ہے۔” (القران 53:39)
اب کوئی شخص محنت کر کے کوئی منصب حاصل کرتا ہے تو وجہ خالی قسمت نہیں بلکہ محنت بھی ہے۔ اسکی مثال ایسے ہے کہ اگر دو شخص کوئی امتحان دے رہے ہوں تو ایک نے دن رات محنت کی ہو اور ایک نے اپنے وقت کو ضائع کیا ہو تو آپ کا کیا خیال ہے دونوں کا نتیجہ ایک سا ہوگا ؟ ہرگز نہیں کیوں کہ جس نے محنت کی ہے وہ کامیابی اپنی محنت کے وجہ سے حاصل کر سکے گا اور جس نے نہیں کی وہ یہ نہیں کہہ سکتا کہ اسکو کامیابی اُسکی قسمت کی وجہ سے ملی ہے۔ بات صاف اور واضح ہے کہ اگر انسان اللہ پر توکل کر کے محنت کرتا ہے تو وہ کامیابی حاصل کرتا ہے وہ عروج پاتا ہے۔ اور جو اپنی ناکامی کو قسمت پر ڈال دیتے ہیں وہ اپنی روش کی وجہ سے کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔ کامیابی صرف محنت سے ممکن ہے کیوں کہ محنت میں ہی عظمت ہے۔