قبائلی ضلع خیبر میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کے عمل کا آغاز

قبائلی ضلع خیبر سول ہسپتال جمرود میں کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسین لگانے کا آغاز ہوگیا ہے۔ ڈی ایچ او خیبر ڈاکٹر طارق حیات سمیت کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر ڈیوٹی کرنے والے ڈاکٹرزاور میڈیکل سٹاف سے وابستہ اہلکاروں کو کورونا سے بچاؤ کے ویکیسین لگائے گئے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خیبر منصور ارشد، ایڈیشنل ڈی سی نورولی، باڑہ اے سی نیک محمدبنگش، اے سی جمرود جواد علی، ایم ایس ڈاکٹر زین، ڈاکٹر عثمان سمیت میڈیکل سٹاف سے وابستہ اہلکار موجود تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی خیبر نے کہا کہ فی الحال ضلع خیبر کے کورونا کے خلاف فرنٹ لائن ڈاکٹرز اور میڈیکل سٹاف کیلئے 450ویکسین فراہم کردی گئی ہے جس میں 200جمرود کے لئے جبکہ 250ویکسین لنڈی کوتل کے ہیلتھ ورکروں کوفراہم کی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ ویکسین مکمل طور پر محفوظ ہیں اور دوسرے فیز میں عمررسیدہ لوگوں کو بھی یہ ویکسین لگائی جائیگی۔ ڈی ایچ او خیبر ڈاکٹر طارق حیات نے کہا کہ ضلع خیبر میں کورونا کی صورتحال تسلی بخش ہے، جبکہ اب تک کل 22078مریضوں کی نمونے لئے گئے ہیں جن میں 2089افراد کی کورونا ٹسٹ مثبت آگئے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ابتک کورونا سے ضلع خیبر میں 12اموات واقع ہوچکی ہے جبکہ موجودہ وقت میں ضلع خیبر بھر میں کل 45کورونا کے مریض موجود ہیں۔ویکسینشن کا عمل شروع ہونے کے بعد کورونا وائرس پھیلنے میں کافی کمی آجائیگی۔ویکسین کے حوالے سے جوخدشات پائے جارہے ہیں وہ مکمل طور پر غلط ہے کیونکہ آپ لوگ دیکھ رہے ہیں کہ پہلے مرحلے میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کے اہلکاروں کو ہی کورونا وائرس سے بچاو کی ویکسین لگائی جارہی ہے اور اب تک کوئی سائڈ افیکٹ نہیں آئے ہیں۔