ضلع اورکزئی میں تمام سکولوں کی مرمت اور فر نیچر کیلئے 30کروڑ روپے فنڈ جاری

پشاور: ضلع اورکزئی میں تمام سکولوں کو مرمت کیلئے 30کروڑ روپے فنڈ جاری کیا گیا ہے جبکہ 3کروڑ روپے کے سکولوں کو فرنیچر فراہم کیا گیا ہے۔ 28نئے سکولوں کی اپ گریڈیشن پر کام جاری ہے، 9 غیر فعال کوفعال کر دیا گیا ہے۔ ضلع اورکزئی کے محکمہ تعلیم میں بھرتیوں کو میرٹ اور شفاف طریقے سے کیا گیا ہے۔ ڈیوٹی سے غفلت اور اقرباء پروری برداشت نہیں کی جائیگی۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ضلع اورکزئی فرید الله محسود نے سکولوں کی کارکردگی اور بی آئی ایس پی سروے کے حوالے سے منعقدہ ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں فی میل ایجوکیشن آفیسرنبیلہ ناز، اے ڈی ای او رئیس خان اور محکمہ تعلیم کے اساتذہ اور افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فریدی الله محسود نے کہا کہ ضلع اورکزئی میں تمام بھرتیاں میرٹ اور شفاف طریقے سے کی گئی ہیں۔ڈیوٹی اور تعلیمی معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ ڈیوٹی نہ کرنے والے اساتذہ کو گھر بھیج دیا جائیگا کیونکہ تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ محکمہ تعلیم اورکزئی کو ہر حال میں ترقی دینا ہے تمام اساتذہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔فرید الله محسود نے کہا کہ گزشتہ 8سال سے محکمہ تعلیم ضلع اورکزئی میں زیر التواء پروموشن کے مسائل حل کر دیے گئے ہیں اور 9نان فنکشنل سکولوں کو اساتذہ کے ساتھ ساتھ کلیریکل و دیگر سٹاف فراہم کر کے فنکشنل کر دیا ہے۔ماموزئی قبیلے میں بھی سکولوں کو چالو کر دیا ہے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام سکولوں کو پی ٹی سی فنڈ کی مد میں 30کروڑ روپے جاری کر دئے گئے ہیں اور 28نئے سکولوں کی اپ گریڈیشن پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں فرنیچر کی کمی کو دور کرتے ہوئے ہم نے تمام سکولوں کو 3کروڑروپے کے فرنیچر فراہم کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کبھی بھی ڈیوٹی اور تعلیمی معیار پر سمجھوتہ نہیں کرونگا