اورکزئی: صوبائی حکومت قبائلی اضلاع کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، محمد اقبال وزیر

پشاور(عبداللہ شاہ بغدادی) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ریلیف محمد اقبال وزیر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان ضم شدہ قبائلی اضلاع کے عوام کو درپیش مسائل کے حل اور ان کی ہمہ گیر ترقی کیلئے ہر طرح کے اقدامات اٹھانے کیلئے پر عزم ہیں اور آئندہ ایک سال کے دوران اس ضمن میں اہم پیشرفت کی توقع ہے۔وہ جرگہ ہال بابر میلہ اورکزئی ہیڈ کوارٹر کے جرگہ ہال میں قبائلی عوام کے مسائل اور مطالبات معلوم کرنے کیلئے منعقدہ جرگہ سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈپٹی کمشنر اورکزئی محمد خالد، ڈی پی او نثار احمد اور دیگر محکموں کے افسران کے علاوہ عوام اور اورکزئی زعماء نے جرگہ میں کثیر تعداد میں شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے ضلع کے جغرافیہ، آبادی، ترقیاتی سرگرمیوں، وسائل اور ترقی کے امکانات پر تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں زراعت، سیاحت،آبی وسائل اور معدنیات کی ترقی کے وسیع امکانات ہیں۔اورکزئی عمائدین نے گھروں کی تعمیر کا منصفانہ سروے کے بعد متاثرہ خاندانوں کو فوری معاوضہ دینے ،پولیس میں بھرتی اور ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔ صوبائی وزیر نے اورکزئی عمائدین کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ تمام مطالبات ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے اور اورکزئی کے تمام وسائل کو ترقی دے کر عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔قبل ازیں صوبائی وزیر کو ڈپٹی کمشنر نے اپنے دفتر میں تفصیلی بریفنگ دی اور مسائل کے حل میں مدد کی درخواست کی۔صوبائی وزیر نے تمام مسائل کے مکمل حل میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔