ضلع باجوڑ کی زمین کو ریاست مخالف سرگرمیوں کیلئےاستعمال نہیں ہونے دینگے، قبائلی عمائدین

باجوڑ: سول کالونی خار میں باجوڑ کے مختلف قبائل کی نمائندگی کرنے والے 100 کے قریب عمائدین کے ساتھ ایک جرگہ منعقد ہوا۔ محمد فیاض خان شیرپاؤ ڈپٹی کمشنر باجوڑ ، سیکٹر کمانڈر نارتھ ایف سی ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اور ایس پی انوسٹی گیشن جرگہ میں شریک ہوئے۔ باجوڑ کے عوام کے عسکریت پسندی کے خلاف جنگ کے دوران اور ضلع میں امن کی بحالی کے لئے دئے گئے قربانیوں کو سراہا گیا۔عمائدین کو بتایا گیا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے ساتھ سابق فاٹا کے انضمام کے بعد ، حکومت علاقے کی ترقی پر کام کر رہی ہے اور مقامی لوگوں کی سہولت اور ان کی زندگی کو راحت بخش بنانے کے لئے مختلف شعبوں میں بھاری رقوم خرچ کی جارہی ہیں۔ عمائدین نے یقین دلایا کہ وہ حکومت کو ہر مدد فراہم کریں گے۔ اور ضلع باجوڑ کی زمین کو ریاست مخالف سرگرمیوں کے لئے استعمال نہیں ہونے دیں گے.