شمالی وزیرستان کی ترقی و خوشحالی میری اولین تر جیح ہے، اقبال وزیر

پشاور(عبداللہ شاہ بغدادی)صوبائی وزیر برائے ریلیف، بحالی و آبادکاری محمد اقبال وزیرنے کہا ہے کہ وزیر ستان کی ترقی اورخوشحالی کے عمل پرکروڑوں خرچ کئے جائینگے ، ترقی اورخوشحالی کے سفر میں کسی کو رکاوٹ بننے کی اجازت نہیں دی جائیگی ، ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے دفتر میں وزیرستان کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں سے باتیں کرتے ہوئے کیا اس موقع پر اہل علاقہ نے صوبائی وزیر کو مسائل سے آگاہ کیا، محمد اقبال وزیر نے ان کو یقین دلایا کہ عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کررہے ہیں اور اور وہ زمانہ گزرگیا، جب عوام کاپیسہ ضائع ہواکرتاتھا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی لوگ ہیں اورعوام کے مسائل ومشکلات سے بخوبی آگاہ ہے۔ قبا ئلی اضلاع کی ترقی اورخوشحالی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ اور اس مقصد کیلئے آئندہ بجٹ میں خطیررقم مختص کی گئی ہے۔ صحت وتعلیم ، پانی اورسڑکوں کے حوالے سے سروے مکمل کی گئی ہے جس سے علاقے میں ایک خوشگوار انقلاب برپا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تحصیل دتہ خیل کے قوم خدر خیل اورتحصیل سپین وام کے قوم حسن خیل کیلئے الگ الگ پل منظور ہو ئے ہیں اورآئندہ چند دنوں میں وزیرستان کے عوام کو مزید ترقیاتی منصوبوں کی خوشخبری ملے گی۔شمالی وزیرستان کی ترقی و خوشحالی میری اولین تر جیح ہے، محمد اقبال وزیر نے مزید کہا کہ وزیرستان کے غیرت مند بزرگوں و نوجوانوں نے مجھے ہمیشہ عزت سے نوازا ہے۔ افواج پاکستان کے شہیدوں کا خون اور غیرت مند قبائل کی قربانیاں رنگ لے آئی کہ آج وزیرستان امن کا گہوارہ بن گیا۔