وزیرستان کے سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، اقبال وزیر

پشاور(عبداللہ شاہ بغدادی)صوبائی وزیر برائے ریلیف، بحالی و آبادکاری محمد اقبال وزیر نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کئی دہائیوں سے عوام کو صحت کی سہولتوں سے محروم رکھاگیا۔وزیر ستان کے سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات ہیں جس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےشمالی وزیرستان میرانشاہ میں قبائلی عمائدین کے قومی جرگے میں شرکت کے بعد کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہو ئے کیا، کھلی کچہری میں انتظامیہ اور دیگر محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے لوگوں کے مسائل سنے اور متعلقہ محکموں کو عوام کے مسائل حل کرنے کے ہدایات جاری کئے،صوبائی وزیر نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو مفت علاج معالجے کی فراہمی کیلئے موثر اورعملی اقدامات اٹھائے جائیں گے اس سلسلے میں کسی بھی رکاوٹ کو برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہو ں نے کہا کہ کوشش ہو گی کہ مختصر مدت میں وزیرستان کے عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور یہاں کے لوگوں کو علاج و معالجے کیلئے دیگر اضلاع کا رخ نہ کرنا پڑے۔جرگہ عمائدین نے بھرپور تعاون پر محمد اقبال وزیر کا شکریہ ادا کیا۔