پاک فوج ضلع مہمندکی تعمیروترقی میں خاص دلچسپی رکھتی ہے ، بریگیڈئیر روف شہزاد

پشاور(عبداللہ شاہ بغدادی)بریگیڈئیر روف شہزاد نے کہا ہے کہ تر قیاتی منصوبوں کی تکمیل سے مہمند میں نئے دور کا آغاز ہو گا،پاک فوج علاقے کی تعمیر و ترقی میں خاص دلچسپی رکھتی ہے،مہمند کیڈٹ کالج میں تمام بھر تیاں شفافیت کی بنیاد پر ہو نگی،بھرتی کیلئے اعلیٰ تعلیم اور تجربہ ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی جی ایف سی کی خصوصی ہدایات پر قبائلی ضلع مہمند میں کمانڈر 103 بریگیڈ نے مختلف ترقیاتی پراجیکٹ کا افتتا حی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا،جن میں کئی سکول، صاف پانی کے منصوبے شامل تھے۔ کمانڈر 103 بریگیڈ بریگیڈئیر روف نے قومی جرگے سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ جدید طرز سکول کا مقصد بچوں کو تعلیم کیلئے بہتر سہولیات کی فراہمی ہے،انہوں نے تحصیل صافی کے دو مختلف علاقوں گاگیزئی اور ساگی پایان میں پایہ تکمیل دو پرائمری سکولوں کا بھی افتتاح کیا،صحافیوں کو مہمند کیڈٹ کالج اور علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بر یفنگ دیتے ہو ئے میجر فاروق نے کہا کہ پاک فوج کے ساتھ مقامی لوگوں نے علاقے میں امن و امان کی بحالی کیلئے بیش بہا قر بانیاں دی ہیں،حکومت علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے مختلف منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کررہی ہے،جن میں متعدد منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچ گئے ہیں۔