خیبر: پولیس فورس میں ضم شدہ خاصہ دار ، لیویز فورس کی تربیت کا عمل شروع

خیبر:پولیس فورس میں ضم شدہ لیویز اور خاصہ دار اہلکاروں کی باقاعدہ ٹریننگ کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ضم شدہ ضلع خیبر کے 450 سابقہ خاصہ دار لیویز اہلکار تربیت حاصل کررہے ہیں۔ اُن کی ٹرینگ تین ماہ پر مشتمل ہے۔ ٹریننگ میں ایف سی اور آرمی اور پولیس کے افسران انسٹرکٹرز ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر ڈاکٹر محمد اقبال نے خود ٹرینگ سینٹر کا دورہ کیا،جہاں انہوں نے زیرتربیت لیویز جوانوں کی تربیت کے عمل کابذات خود معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ تربیت جوانوں کے کیرئیر میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ اُنہوں نے زور دیا کہ وہ درپیش چیلنجوں کے مطابق اپنے آپ کو تربیت سے آراستہ کریں اور زیادہ سے زیادہ سیکھ کر اُسے عملی پولیسنگ میں بروئے کار لائیں۔ اہلکاروں میں وہ تمام صلاحیتیں و استعداد موجود ہیں جو کسی فورس کے جوانوں میں ہونی چاہئیں۔ اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام اہلکاروں کو بہترین تربیت فراہم کرکے انہیں ضلع خیبر کے ایک ماڈل پولیس فورس میں تبدیل کریں گے۔