سیکورٹی حکام و فاٹا ڈیسیبل ویلفیئر آرگنائزیشن جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگوں کی صفائی اور معذورافراد کی بحالی کیلئے سرگرم

جنوبی وزیرستان:قبائلی اضلاع میں بارودی سرنگوں کی موجودگی سے ناصرف انسانوں بلکہ جانوروں کو بھی خطرات لاحق ہیں ،لیکن سیکورٹی ادارے اور غیر سرکاری تنظیمیں قبائلی اضلاع میں بارودی سرنگوں کی صفائی کرنے اور ان کے متاثرین کے علاج اور بحالی کے لئے ضروری اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ گزشتہ دن قبائلی اضلاع میں بارودی سرنگوں کی صفائی کرنے اور ان کے متاثرین کے علاج اور بحالی کے لئے کام کرنی والی تنظیم فاٹا ڈیسیبل ویلفیئر آرگنائزیشن کے چیئرمین عرفان اللہ کی سربراہی میں خصوصی وفد نے جنوبی وزیرستان کا تفصیلی دورہ کیا۔ وفد نے ضلعی ہیڈکوارٹر وانا میں مصروف وقت گزارا۔ وفد نے بحالی معذوران مرکز وانا کا بھی دورہ کیا اور وہاں معذوروں کی بحالی کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔چیئرمین فاٹا ڈیسیبل ویلفیئر آرگنائزیشن عرفان اللہ جان نے وفد کے ہمراہ وانا میں ڈی آئی جی ایف سی ساوتھ بریگیڈیئر طیب اور دیگر عسکری حکام بریگیڈیئر ذوالفقار شاہین، بریگیڈیئر نیک نام بیگ اور کرنل ظفر سے تفصیلی ملاقاتیں کیں۔سکیورٹی حکام نے وفد کو جنوبی وزیرستان میں لینڈ مائنز کی صفائی اور معذور افراد کی بحالی کے امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ عوام کے ساتھ ساتھ سکیورٹی فورسز کے اہلکار بھی لینڈ مائنز سے متاثر ہو رہے ہیں اور اب تک درجنوں افراد بارودی سرنگوں سے متاثر اور شہید ہو چکے ہیں اس سلسلے میں تنظیم جلد ہی مہم کا آغاز کرے گی جس میں لینڈ مائنز سے متاثرہ افراد کو بھی شامل کیا جائیگا ۔سکیورٹی حکام نے وفد کو بتایا کہ جنوبی وزیرستان سے بارودی سرنگوں کی صفائی پر تیزی سے کام جاری ہے اور عنقریب ضلع لینڈ مائنز سے کلئیر ہوجائے گا۔

سکیورٹی حکام نے قبائلی اضلاع میں معذوروں کی بحالی کیلئے فاٹا ڈیسیبل ویلفیئر آرگنائزیشن کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا کہ جنوبی وزیرستان سے بارودی سرنگوں کی صفائی اور معذوروں کی بحالی کیلئے ملکر کام کیا جائے۔عرفان اللہ جان نے سکیورٹی حکام کو یقین دلایا کہ ان کی تنظیم پاک فوج اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ ملکر جنوبی وزیرستان سے بارودی سرنگوں کی صفائی اور معذور افراد کی بحالی کیلئے بھرپور تعاون کرے گی۔چیئرمین فاٹا ڈیسیبل ویلفیئر آرگنائزیشن عرفان اللہ جان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معذورافراد کی بحالی کیلئے تمام قبائلی اضلاع میں خصوصی مراکز قائم کئے جائیں گے اور معذور افراد کی بحالی تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے آرمی کے زیر انتظام تعلیمی اداروں میں خصوصی افراد کے داخلہ کوٹہ پر عملدرآمد یقینی بنانے پر فوج کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔