وزیراعلیٰ محمود خان کا دورہ مہمند ، ماربل کان حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین میں امدادی چیک تقسیم

پشاور : وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ماربل کان حادثہ ایک غیرمعمولی واقعہ اور قدرت کی طرف سے آزمائش ہے،حکومت متاثرہ خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، لاپتہ افراد کی تلاش تک ریسکیو آپریشن جاری رہے گا،حادثہ صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ لے رہا ہوں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع مہمند کے دورے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی، معاون خصوصی عارف احمد زئی، رکن قومی اسمبلی ساجد مومند ، کمشنر پشاور،ضلعی انتظامیہ، ریسکیو حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے دورے کے موقع پر حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں میں امدادی چیک تقسیم کئے، جاں بحق افراد کے اہلخانہ کو فی کس 9 لاکھ روپے کا امدادی چیک دیا گیاجبکہ زخمیوں کو فی کس ایک لاکھ روپے کا چیک دیا گیا۔وزیر اعلی کا حادثہ میں جاں بحق ہونے والے 7 بہنوں کے اکلوتے بھائی کے لئے 50ہزار روپے ماہانہ وظیفہ مقرر کرنے کا اعلان کیا اورحادثہ میں جاں بحق و ذخمی ہونے والے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار اور مرحومین کیے لئے مغفرت کی دعا کی۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ہم غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی اس ناقابل تلافی نقصان پر لواحقین کو صبرواستقامت عطا فرمائے، ہم مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،اگرچہ انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں تاہم حکومت متاثرین کی دلجوئی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، امدادی کاروائیوں میں تمام متعلقہ اداروں کا کردار قابل ستائش ہے۔