وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات اعظم سواتی کا طورخم بارڈر ضلع خیبرکا دورہ

پشاور: وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات محمد اعظم خان سواتی نے طورخم بارڈر ضلع خیبرکا دورہ کیاایم این ایز گل دادخان اور محمد اقبال خان وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے وفاقی وزیر محمد اعظم خان سواتی نے سرحد پر مامور حکومتی اداروں کے اہلکاروں سے ملاقات کی ۔انہوں نے اداروں کے سربراہان سے بارڈر مینجمنٹ اور حالات کے بارے میں بریفنگ لی۔اعظم خان سواتی نے طورخم بارڈر پر مختلف جگہوں اور چیکنگ پوائنٹس کا جائزہ لیا ۔انہوں نے اداروں کی کاوشوں کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ منشیات افغانستان سے ہمارے ملک کو سمگل ہو رہی ہے اور منشیات کے سمگلر ہمارے ملک اور قوم کے دشمن ہیں لہذامنشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں اور ہر چیز کی کڑی نگرانی اور چیکنگ کی جائے تاکہ ملک و قوم کو اس لعنت سے بچایا جائے کیونکہ منشیات ہماری نوجوان نسل کو تباہ کر رہی ہے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ منشیات کی روک تھام اور اس کے خاتمے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے کیونکہ اس کا خاتمہ ہما را قومی فریضہ ہے اور منشیات فروشوں اور سمگلروں کو کہیں پر بھی نہیں چھوڑیں گے۔