باجوڑ:صوبائی حکومت علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی پر خطیررقم خرچ کر رہی ہے ، ڈپٹی کمشنر محمد فیاض شیرپاؤ

باجوڑ: ڈپٹی کمشنر محمد فیاض شیرپاؤ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں بھرپور طریقے سے کوشاں ہے تاکہ لوگوں کو علاج معالجے کی بروقت اور اعلی معیار کی سہولیات فراہم کیں جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےتحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال خار کی ایمرجنسی کی تزئین و آرائش کے افتتا حی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا،انہوں نے کہا کہ جدید ایمرجنسی کے قیام سے ہیڈ کوارٹر ہسپتال خار میں علاج معالجے کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ یہاں پر ایمرجنسی مریضوں کی شرح کافی زیادہ ہے اس لئے ڈی ایچ کیو ہسپتال خار کی ایمرجنسی کو بہتر بنانا انتہائی ضروری تھا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی پر خطیر فنڈز خرچ کر رہی ہے سرکاری ہسپتالوں میں تمام طبی سہولیات اور ادویات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی بھی کمی کو پورا کیا جا رہا ہے سرکاری ہسپتالوں میں جدید میڈیکل آلات اور مشینری بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب ڈی ایچ کیو ہسپتال خارکی ایمرجنسی سٹیٹ آف دی آرٹ بن چکی ہے ۔ایمرجنسی میں تمام بیڈز ، مشینری اور دیگر آلات اعلی اور جدید معیار کے فراہم کئے گئے ہیں۔جس سے ہسپتال آنے والے مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر ہسپتال ایم ایس ڈاکٹر وزیر خان صافی، ڈی ایم ایس ڈاکٹر نصیب گل، منتخب نمائندگان کے نمائندے اور یوتھ اف باجوڑ چیئرمین ریحان زیب خان کے ہمراہ یوتھ آف باجوڑ کے ممبرز بھی شریک تھے۔ ڈپٹی کمشنر باجوڑ نے آئی سی آر سی کی تعاون کا شکریہ ادا کیا۔