اپوزیشن جماعتیں پاک فوج پر الزمات لگانے کے بجائے ثبوت پیش کریں ، اقبال وزیر

پشاور:صوبائی وزیر ریلیف، بحالی و آبادکاری محمد اقبال وزیر نے ملک دشمن عناصر کو چیلنج دیا کہ اگر کسی کے پاس پاک فوج کے خلاف ثبوت ہو تو وہ سامنے لائے میں جواب دونگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہو ئے کیا ،انہوں نے کہا کہ بے شک پاک فوج سے تعصب رکھیں مگر جھوٹیں الزامات نہ لگائیں۔محمد اقبال وزیر نے کہا ہے کہ اپوزیشن پارٹیاں صرف اداروں کو بدنام کرنے کے لئے الزامات عائد کررہی ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیرستان میں کرفیو اور مقامی لوگوں کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد کی بات سب پروپیگنڈہ ہے کیونکہ وہاں ایسا واقعہ نہیں ہوا تھا۔سردار حسین بابک کی تقریر کے جواب میں اقبال وزیر نے ان الزامات کی تردید کی اور کہا کہ اگر واقعے کا کوئی ثبوت ملا تو وہ اپوزیشن جماعتوں کو ثبوت فراہم کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور عام لوگوں کی قربانیوں کی وجہ سے وزیرستان میں امن بحال ہوا ہے اور اب کچھ شرپسند امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔