جنوبی وزیرستان کے عوام کی ناقابل فراموش قربانیوں کو کبھی بھلایا نہیں جا سکتا ، شاہد آفریدی

وزیرستان : قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ جلد ہی جنوبی وزیرستان کے کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کروں گا اور باصلاحیت کرکٹرز کو مزید مواقع فراہم کرنے کے لیے سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی ۔ قومی ٹیم کے 40 سالہ سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ جنوبی وزیرستان کے عوام نے ملک بھر میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، وہ محب وطن ہیں، بنیادی سہولیات اور ترقی ان کا حق ہے، صوبہ خیبر پختونخواہ میں شمولیت کے بعد یہاں کے عوام کو وہ تمام تر بنیادی سہولیات میسر ہونی چاہیں جو پاکستان کے دیگر علاقوں میں حاصل ہیں، یہاں کے عوام کی ناقابل فراموش قربانیوں کو کبھی بھلایا نہیں جا سکتا ۔شاہد خان آفریدی نے ہر سال جنوبی وزیرستان کے 10 مقامی طالب علموں کی فیس ادا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں جلد ہی مقامی کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے ٹریننگ کیمپ کا انعقاد بھی کروں گا اور با صلاحیت کرکٹرز کو مزید مواقع فراہم کرنے کے لیے سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے تحت ملک بھر کی طرح یہاں پر بھی عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں بھرپور تعاون اور مدد کی جائے گی۔