ناشتہ جس نے بھارت کو شکست سے دوچار کیا

تحریر:گوہر رحمان ۔۔۔۔
پاکستان جس کی چائے جو تقریبا اب ایک قومی مشروب بن گیا ہے اور خاص طور پر اس کے صبح کا ناشتہ تو ہے ہی مشہور اور اس کے مشہور ہونے کا اندازہ اس سے بڑہ کر اورکیا ہو گا کہ صبح کے ناشتے کے چکر میں دشمن ملک ہندوستان نے ہزاروں فوجی اور کئی سو ٹینک اور کئی جہاز گنوا کر پاکستان سے جنگ ہاری۔ اور چائے پینے کے شوقین ابھینندن نے ایک پیالی چائے کے لئے مگ 21 جہاز تباہ اور خود گرفتار ہوا ۔ اور یہ ناشتہ پاکستان کی تمام مسلح افواج اور پوری قوم نے دشمن کو اس وقت کروایا جب 6 ستمبر کی رات دشمن نے رات کی تاریکی میں انٹرنیشل بارڈر کراس کر کے پاکستان میں داخل ہونا چاہا ۔بھارتی فوج کا ارادہ تو یہ تھا کہ وہ 7 ستمبر کو صبح کا ناشتہ لاہور میں کرے گی لیکن پاکستان کی بہادر افواج نے ایسا ناشتہ پیش کیا کہ بھارتی فوج آج تک اس کا ذائقہ نہیں بھول پائی ۔بھارت جس کا خیال تھا کہ 6 ستمبر کی صبح لاہور میں اس وقت کے وزیر اعظم لال بہادر شاستری اور ان کی کابینہ کو سلامی دے گی اور پھر شام کو لاہور جم خانہ میں کاک ٹیل پارٹی ہوگی لیکن بھارت کے ارادوں اور منصوبوں پر اس وقت پانی پھر گیا جب بھارتی وزیر اعظم کو مختلف علاقوں میں بھارتی فوج کی شکست کی خبریں دی جانے لگیں
یہ وہ وقت تھا کہ جب نہ صرف پاک فوج کے سپوتوں نے بھارتی فوج کی تواضح کی بلکہ پوری قوم نے یکجا ہو کر بھارتی فوج کو ہر محاذ پر بدترین شکست کی صورت میں ناشتہ پیش کیا ۔ پاک فوج نے وطن عزیز کے چپے چپے کا دفاع کیا اور پاکستانی عوام کی مدد سے ہر محاذ پر بھارتی فوج کو شکست دے کر تحفے میں انہیں ناکوں چنے چبوا دیے۔سب سے اہم ناشتہ پاکستان کی فوج کے سپوت میجر عزیز بھٹی اور ان کے ساتھ لڑنے والے جوانوں نے بھارتی فوج کو پیش کیا ۔ میجر عزیز بھٹی اس وقت لاہور سیکٹر کے علاقے برکی میں کمپنی کمانڈر تعینات تھے ۔ میجر عزیز بھٹی مسلسل 5 دن تک بھارتی ٹینکوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح ڈٹے رہے ، 12 ستمبر 1965 کو بھارتی فوج کے ایک ٹینک کا گولہ میجر عزیز بھٹی کی چھاتی میں لگا جس سے وہ شہید ہو گئے۔میجرعزیز بھٹی شہید ہو کر امر ہو گئے ،پاکستانی قوم میجر عزیز بھٹی شہید کی قربانیوں کو آج تک نہیں بھولی اور نہ کبھی بھول پائے گی۔6 ستمبر 1965 کو بھارت کی طرف سے پاکستان پرمسلط کی گئی جنگ بھارت کے لیے ایک خوفناک انجام ثابت ہوئی، پاکستانی فوج نے نہ صرف اپنے علاقوں کا کامیابی سے دفاع کیا بلکہ بھارتی علاقوں کے اندر گھس کر بھارتی فوج کو بھی ناکوں چنے چبوائے اور ہندوستان کو اپنے سے کمزور ملک سے ہزیمت اٹھانا پڑی۔