گورنر شاہ فرمان کی زیر صدارت اجلاس ، قبائلی اضلاع میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ

پشاور: گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کی زیر صدارت خیبر پختونخوا ایپکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان،کورکمانڈر لیفٹننٹ جنرل نعمان محمود نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں محرم الحرام باالخصوص عاشورہ کے پرامن جلوسوں اور مجالس کے انعقاد کیلئے اٹھائے گئے مجموعی سیکیورٹی انتظامات پر اظہار اطمینان کیاگیا۔اجلاس میں حساس علاقوں میں 9,10 محرم کو موبائل سروس کی بندش سے متعلق ضلعی حکومتوں کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس میں کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حکومتی طے شدہ ایس او پیز پر عملدرآمد آد یقینی بنایا جائیگا۔اپیکس اجلاس میں قبائلی اضلاع میں جاری ترقیاتی کاموں کا بغور جائزہ، قبائلی اضلاع کے لئے لینڈ ریکوزیشن ایکٹ کے نفاذ, اس کی افادیت اور دیگر نمایاں نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا اس کے ساتھ ساتھ پاک فوج کے زیر نگرانی نئے ضم شدہ اضلاع کے 29000 خاصہ دار اور لیویز اہلکاروں کو ٹریننگ سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع میں مقامی سطح پر تنازعات کے حل کیلئے اے ڈی آر کا قیام قبا ئلی روایات اور کلچر کے مطابق ہونا چاہئے۔اجلاس میں کورونا وائرس کے بعد صورتحال بہتر ہونے سے صوبہ میں سیاحت کھلنے کے بعد ایس او پیز پر عملدر آمد کرنے پر خصوصی زور دیا گیا۔کمیٹی نے صوبہ میں بارشوں سے ممکنہ سیلابی صورتحال کے خطرہ سے نمٹنے کیلئے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کو الرٹ اور رابطے میں رہنے کی ہدایت کی۔ ایپکس کمیٹی اجلاس میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر ثنا اللہ عباسی، سیکرٹری محکمہ داخلہ، سیکرٹری محکمہ قانون اور دیگر سول و عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔