وزیرستان کے پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اولین ترجیح ہے ، اقبال وزیر

پشاور: وزیرستان کے پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اولین ترجیح ہے، ٹل میرعلی روڈ ایف ڈبلیو او کے حوالے کرنے کا مقصد اس منصوبے کی جلد تکمیل کو یقینی بنانا اور مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے،ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ریلیف و آبادکاری اقبال وزیر نےاپنے دفتر میں وزیرستان اور صوبے کے دیگر اضلاع سے آئے ہوئے مختلف وفود سے گفتگو کے دوران کیا۔ اقبال وزیر نے کہا کہ شمالی اور جنوبی وزیرستان کے بے روزگار نوجوانوں کو ریسکیو 1122 اور دیگر سرکاری و غیر سرکاری اداروں میں بھرتی کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹل میرعلی سڑک منصوبہ ایف ڈبلیو او کے حوالے کردیا گیا ہے تاکہ معیاری کام کے ساتھ ساتھ مذکورہ منصوبہ بروقت مکمل کیا جاسکے۔صوبائی وزیر نے یہ بھی بتایا کہ ٹل میرعلی روڈ میں مقامی انجینئرز اور لیبر بھارتی کئے جائیں گے تاکہ لوگوں کو برسر روزگار کیا جاسکے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ تحصیل شیواہ اور سپین وام میں تیل کی تلاش کیلئے کام کرنے والی ماڑی پٹرولیم کمپنی میں بھی مقامی لوگوں کو بھرتی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شمالی وزیرستان کے تمام چھوٹے بڑے گاؤں کو بجلی اور پینے کے صاف پانی کی ترسیل یقینی بنائی جارہی ہے اور اس سلسلے میں مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔