دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قبائلی عوام نے بھرپور مدد فراہم کی ، آرمی چیف

راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کیلئے پرعزم ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادکار میں اضافہ اور سرحدی سلامتی کو مستحکم بنا کر اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق بری فوج کے سربراہ نے پاک افغان سرحد پر شمالی وزیرستان کے دواتوئی سیکٹر میں مربوط آپریشن میں مصروف جوانوں سے ملاقات کی۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی عوام کی غیر متزلزل حمایت کو سراہتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ علاقے میں بڑے پیمانے پر امن بحال ہو چکا ہے اس کیلئے مقامی آبادی ۔ سول انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حالات کو معمول پر لانے کیلئے اجتماعی کوششیں کی ہیں۔بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ ہمیں آپریشن ردوفساد میں حاصل کی گئی کامیابیوں کے ثمرات ضائع ہونے اور انتشار پیدا کرنے کی مضموم کوششوں کو شکست دینے کیلئے چوکس رہنا ہو گا۔