ضلع خیبر کے نشوونما مرکز کی تکمیل آخری مراحل میں ہے ، ڈاکٹر ثانیہ نشتر

اسلام آباد:وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ جلد شروع ہونے والے سٹنٹنگ کی روک تھام پر مبنی احساس نشوونما پروگرام کے تحت قبائلی ضلع خیبر کے نشوونما مرکز کی تیاریاں تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ احساس نشوونما پروگرام میں صارف خواتین کونشوونما کیش وظائف بھی دئیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں تمام نشوونما مراکز پر اے ٹی ایم مشینیں خاص طور پرنصب کی جارہی ہیں تاکہ احساس کی صارف خواتین کو بائیومیٹرک تصدیق کے ذریعے ادائیگیوں میں سہولت ہو۔

احساس نشوونما پروگرام کے ذریعے حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین اورانکے کمزور بچوں کو سٹنٹنگ کے مرض سے بچاوکیلئے صحت بخش اضافی غذا کے پیکٹ فراہم کئے جائیں گے۔ شفافیت کے پیش نظر نشوونما مراکز پرصحت بخش غذا کے پیکٹوں کےسٹاک کی ترسیل و تقسیم کا باقاعدہ ریکارڈ رکھا جائے گا۔ نشوونما پروگرام سے مستفید ہونے والی خواتین کی آگاہی کیلئے انکی اور انکے بچوں کی خوراک، صحت و صفائی کے حوالے سے خصوصی معلوماتی چارٹ اور پوسٹر بھی مرتب کئے گئے ہیں۔