شمالی وزیرستان میں سڑکوں کا جال بچھایا جارہا ہے ، محمد اقبال وزیر

پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ریلیف بحالی و آبادکاری محمد اقبال وزیر نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں سڑکوں کا جال بچھایا جارہا ہے جس کے نتیجے میں علاقے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شمالی وزیرستان کے عمائدین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں مجموعی طور پر 70 کلومیٹرسڑکوں کی تعمیر کی جائے گی جس میں 18 کلو میٹر ٹل میرعلی روڈ بھی شامل ہے جو کہ سپین وام سے من ڑنڈی خیل کچ تک ہے۔اس سکیم کے تحت سڑک کو کشادہ کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اس سکیم میں پانچ کلومیٹر بنوں میران شاہ روڈ بھی شامل ہے جسکی مرمت کی جائیگی۔اس کے علاوہ سکیم میں 11کلومیٹر نیا بلیک ٹاپ روڈ بھی تعمیر کیا جائے گا جو کہ تحصیل غلام خان میں گاؤں سعید گڑھی سے دیوگر سعید گڑھی تک ہے۔اور پانچ کلو میٹر نیا بلیک ٹاپ روڈ جو کہ رزمک سب ڈویژن کے گڑیوم دوسلی روڈ سے گاؤں دوسلی تک تعمیر کیا جائے گا۔محمد اقبال وزیر نے کہا کہ رزمک سب ڈویژن میں عیشا رزمک روڈ سے لے کلی رسدخیل تک چار کلو میٹر نیا بلیک ٹاپ روڈ، چھ کلومیٹر نیا روڈ چکمہ خیل سے برولی خیل تک اور 20 کلو میٹر ٹل تا بویا روڈ کو تعمیر اور کشادہ کیا جائے گا۔