آئی جی پی خیبرپختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی کا ضلع مہمند کا دورہ

پشاور:انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی کا ضلع مہمند کا دورہ،ضلعی ہیڈکوارٹرز غلنئی پہنچنے پر ریجنل پولیس آفیسر مردان شیر اکبر خان، ڈی پی او مہمند طارق حبیب اور دیگر اعلیٰ حکام نے آئی جی پی کا پرتپاک استقبال کیا اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے آئی جی پی کو سلامی پیش کی۔ آئی جی پی نے یادگار شہدا پر بھی حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی سے قبائلی عمائدین اور مشران نے ملاقات کی، اور پولیس نظام کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی۔ آئی جی پی نے اُن کے درپیش مسائل توجہ کے ساتھ سنے اور اُن کو جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔آئی جی پی نے ڈی ایس پیز اور دیگر پولیس اہلکاروں کے ساتھ بھی ملاقات کی اور اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس عوام کی خدمت اور قانون کی پاسداری کو اولین ترجیح دیں اور ہدایت کی کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور کہا کہ عوامی پولیسنگ کو فروغ دے کر لوگوں کے دل جیت لیں۔