ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا قبائلی ضلع خیبر میں قائم احساس نشوونما سنٹر کا دورہ

پشاور : وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسداد غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ڈوگرہ قبائلی ضلع خیبر میں قائم احساس نشوونما سنٹر کا دورہ کیا۔انہوں نے احساس سنٹر میں موجود کاؤنٹر ز کا تفصیلی جائزہ لیا،گائنی وارڈ ،او پی ڈی ، ایمرجنسی سنٹر سمیت مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر ایم پی اے شفیق آفریدی، ڈپٹی کمشنر ڈسٹرکٹ خیبر محمود اسلم وزیر بھی موجود تھے۔ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہاکہ احساس کفالت پروگرام عالمی ادارہ خوراک اور صوبائی محکمہ صحت نے باہمی اشتراک سے دو سال تک کی عمر کے بچوں، حاملہ خواتین اور دودھ پلانے والی ماوں میں عذائی کمی سے بچائو کے لئے ایک پروگرام احساس نشوونما ترتیب دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ میرے آنے کا مقصد احساس نشونما سنٹر کا اختتامی جائزہ لینا تھا کیونکہ جلد ہی اس کا افتتاح ہو گا۔انہوں نے کہا کہ سنٹر کے قیام کا مقصد ماں اور بچے میں عذائیت کی کمی اور دوسرے مسائل کوحل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عذائی قلت کی وجہ سے بچوںمیں قد اور دوسرے جو مسائل پیدا ہوتے ہیں ان کا جائزہ لینے آئی ہوں۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ میں آنے سے پتہ چلتا ہے کہ کیا مسائل ہیں اور ان کو کیسے حل کیا جا سکتا ہے،طبی سہولیات کی فراہمی میںکوئی دقیقہ فروگذاشت نہیںکیاجائیگا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق عوام کوان کے بنیادی سہولیات دہلیزپرپہنچانے کیلئے تمام وسائل وموثرپیمانے بروئے کارلائے جائیں گے۔