کورونا ویکسین کی انسانوں پر آزمائش کے بعد آکسفورڈ یونیورسٹی کی بڑی پیش رفت

مانچسٹر: آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ کورونا ویکسین کی انسانوں پر آزمائش کے بعد اس کی بڑے پیمانے پر تیاری کیلئے اقدامات شروع کئے جا رہے ہیں ، برطانوی میڈیا کے مطابق ویکسین کے بڑے پیمانے پر تیاری کیلئے ایک دوا ساز کمپنی ایسٹرازینیکا سے شراکت داری کر لی ہے۔حکام کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ شراکت داری کا مقصد ویکسین کی انسانوں پر آزمائش کامیاب ہونے کے بعد فوری طور پر اس کی تیاری اور دنیابھر میں فراہمی ہے ۔ اس سے قبل دنیا کے سب سے قدیم اور مشہور یونیورسٹی آکسفورڈ سے تعلق رکھنے والے سائنسدانوں کا دعویٰ تھا کہ وہ کرونا وائرس کیخلاف ویکسین تیار کرنے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔بتایا گیا کہ آکسفورڈ کے سائنسدانوں کی جانب سے ایک ویکسین تیار کی گئی جس کا کچھ بندروں پر تجربہ کیا گیا۔ یہ تجربہ کامیاب رہا ہے۔ تیار کردہ ویکسین 6 بندروں پر آزمائی گئی تھی جس کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے۔ 6 بندروں کو انجیکشن کے ذریعے ایک ہی خوراک دی گئی جس کے بعد انہیں لیب میں کرونا وائرس کا سامنا کرنے کے لیے چھوڑ دیا گیا۔ 4 ہفتوں بعد تمام 6 بندر صحت مند تھے اور ان میں وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی بیماری کووڈ 19 کی کوئی علامت نہیں پائی گئی ۔ تاہم انسانوں پر بھی اس کی آزمائش کی گئی ہے جس کے اثرات کو جانچنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم دوسری جانب کامیابی کی صورت میں دنیا بھر میں اس ویکسین کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔