سابق فوجی افسران عادل راجہ اور رضا مہدی کا کورٹ مارشل، طویل سزائیں، عہدے ضبط

راولپنڈی:پاک فوج کے دو ریٹائرڈ افسران کو بعد از ریٹارمنٹ کورٹ مارشل کے تحت طویل سزائیں سنا دی گئی ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے دوریٹائرڈ افسران کوسزا سنا دی گئی جن میں میجرعادل فاروق راجا اور کیپٹن حیدر رضا مہدی شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق دنوں افراد کو کورٹ مارشل کے تحت سزا سنائی گئی، میجرعادل فاروق راجا (ر) کو 14سال قید بامشقت اورکیپٹن حیدر رضا مہدی (ر) کو 12 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔ دونوں آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 کی دفعات کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے، سزا کے مطابق 21 نومبر کو دونوں افسران کے رینک ضبط کر لیے گئے ہیں، دونوں پر ریاستی تحفظ اور مفاد کے خلاف منفی سرگرمیوں کی دفعات کا اطلاق کیا گیا، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دونوں مجرموں کو فوجی اہلکاروں کو بغاوت پر اکسانے کے جرم پر سزا سنا دی گئی۔واضح رہے کہ برطانیہ میں مقیم پاک فوج کے ریٹائرڈ میجر عادل راجہ پاکستان تحریک انصاف کے حامی ہیں جو اس سے قبل سابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ اور پاک فوج کے خلاف انتہائی سنگین نوعیت کے الزامات عائد کرچکے ہیں۔