نو مئی کے واقعات پر کابینہ کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی

اسلام آباد:کابینہ نے 9 مئی 2023 کے واقعات کی تحقیقات اور تجاویز کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نگران وفاقی وزیر قانون و انصاف کمیٹی کے کنوینئر ہوں گے جبکہ نگران وزیر داخلہ ، نگران وزیر اطلاعات ونشریات اور نگران وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق کمیٹی کے ارکان میں شامل ہیں۔اسی طرح کمیٹی میں کسی بھی مسئلہ کے حل کےلئے نیا رکن بھی شامل کیا جا سکے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کے ٹی او آر ز میں 9 مئی 2023 کے سانحات کی تحقیقات ، ان میں ملوث افراد اور ماسٹر مائنڈ، منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کی شناخت کی جائے گی ۔ان واقعات میں ملوث افراد اور ان کی وجوہات کا جائزہ لیا جائے گا۔ ٹی او آرز کے مطابق کابینہ کمیٹی 9 مئی کےواقعات کے فوری اور دیر پا اثرات کے حوالے سے بھی رپورٹ مرتب کرے گی۔ اسی طرح کمیٹی اپنی تجاویز بھی مرتب کرے گی تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات اور قومی سلامتی کے خلاف اقدامات سے بچا جا سکے۔مزید برآں کمیٹی کے ٹی او آرز میں موجودہ قانونی ڈھانچے کے استحکام کےلئے تجاویز کی تیاری بھی شامل ہے تاکہ اس طرح کے واقعات کو دوبارہ ہونے سے روکا جا سکے۔ وزارت داخلہ کابینہ کمیٹی کو سیکریٹریل معاون فراہم کرے گی۔ کمیٹی 14 روز میں اپنی تجاویز اور رپورٹ کابینہ کو پیش کرے گی۔