میانوالی ایئر بیس حملے میں غیر ملکی اسلحہ استعمال ہونے کا بڑا انکشاف

راولپنڈی: میانوالی ایئر بیس پر حملے میں ہلاک دہشت گردوں سے غیر ملکی اسلحہ ملنے کا انکشاف ہوا ہے۔گزشتہ روز میانوالی ایئر بیس حملے سے متعلق سنسنی خیز انکشافات منظر عام پر آگئے، حملے میں مارے جانے والے دہشت گردوں سے غیر ملکی اسلحہ برآمد ہوا ہے،برآمد ہونے والا اسلحہ امریکی ساخت کا ہے جس میں RPG-7 ، AK-74 ، M-4 اور M-16/A4 شامل ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ افغان سرزمین پر امریکا کے تیار کردہ ہتھیار کھلے عام فروخت ہو رہے ہیں اور دہشت گردوں تک ان کی رسائی انتہائی آسان ہے، امریکی ساخت کے ہتھیار افغانستان میں وافر مقدار میں موجود ہیں جو دہشت گرد پاکستان کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔ماہرین کے مطابق پاکستان کے خلاف غیر ملکی سرزمین کا استعمال اور امریکا کے افغانستان سے اِنخلا کے بعد دہشت گرد آزادانہ غیر ملکی ہتھیاروں کا استعمال کرتے آ رہے ہیں، اس سے پہلے بھی ژوب کنٹونمنٹ حملے میں امریکی ہتھیاروں اور سازو سامان کا استعمال ہوا تھا، افغان حکومت کو اپنی سرزمین کو دہشت گردوں کے استعمال سے روکنا ہوگا۔واضح رہے کہ 4 نومبر کو دہشتگردوں نے میانوالی میں پاکستان ائیرفورس کے ائیر بیس پر حملہ کیا جسے سکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے تمام 9 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔