سانحہ9 مئی کا فائدہ صرف پاکستان دشمنوں کو ہوا

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے جس نے قائد محمد نوازشریف سمیت ہمیں بطور جماعت سیاسی انتقام میں اندھے سیاسی مخالف ٹولے کے ہر جھوٹ، بے بنیاد مقدمات اور عوام کی خدمت کے ہر امتحان میں سرخرو فرمایا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہی نہیں نیشنل کرائم ایجنسی اور برطانیہ کی عدالتوں کے فیصلوں میں جھوٹ کے سوداگروں کے ہر سوال کا شافی اور کافی جواب موجود ہے،تازہ ترین مثال احتساب عدالت لاہور کا پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس کا فیصلہ ہے جس میں واضح لکھا ہے کہ نوازشریف “سیاسی انتقام کا نشانہ بنے، کیس تھانہیں، بنایا گیا،” اس جھوٹ کو ریفرنس کا نام دینے والے گنہگاروں کو اللہ اور عوام سے معافی مانگنی چاہئے لیکن یہ بھی وہ کر سکتا ہے جس کے دل میں خوف خدا ہو، توبہ کی توفیق سے محروم”عذر گناہ بدترازگناہ کی عبرت ناک مثال بن جاتے ہیں جن کے دلوں پر خدا تالے لگا دیتا ہے،انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف سمیت ہماری بہو بیٹیوں کو ناحق جیلوں میں قید کیاگیا، چادر اور چار دیواری کی حرمت پامال ہوئی، 15 کلو ہیروئن کے جعلی مقدمے بنائے گئے، اللہ کی قسمیں کھا کر سیاہ جھوٹ بولے گئے، طیبہ گل کے اغوا کاروں کی ٹویٹ بھی ان کے جھوٹے مقدمات اور قسموں کی طرح ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کرپشن، لوٹ مار اور قوم کے خلاف جرائم میں عدالتوں کا سامنا کرنے کی جرات نہ رکھنے والے نے طویل منصوبہ بندی اور مسلسل ذہن سازی سے 9 مئی کا یوم سیاہ کرایا،یہ پاکستان میں خانہ جنگی اور اداروں کو عوام سے ٹکرانے کی مذموم سازش تھی جو اللہ تعالیٰ کے فضل اور عوامی شعور کی وجہ سے ناکام ہوگئی۔وزیر اعظم نے کہا کہ 9 مئی کا فائدہ صرف پاکستان دشمنوں کو ہوا۔ لاتعداد وڈیوز، بیانات اور ناقابل تردید شواہد کی موجودگی پراپیگنڈے اور جھوٹ پر مبنی ہر ٹویٹ پر کہیں بھاری ہے، پٹرول بم، شہداء کی یادگاریں، جلی ہوئی عمارتیں، مساجد، سکول، ایمبولنسز، ریڈیو پاکستان کی خاکستر عمارت ہر جھوٹے کو جھوٹا ثابت کرنے کے لئے کافی ہیں جس کی گرفتاری کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلےمیں درست قرار دیاگیا۔جھوٹے مقدمات کے باوجود ہم عدالت گئے، آپ بھی جرات کریں۔ اگر ہاتھ صاف ہوتے تو منی لانڈرنگ کے حقائق پر مبنی فنانشل ٹائمز کی تحقیقاتی خبرکو برطانیہ کی عدالت میں چیلنج کرتے جیسے میں نے ڈیلی میل کے جھوٹ کو بے نقاب کیا تھا لیکن اس کے لئے سچائی، ثبوت اور دلیری درکار ہے۔