قبا ئلی ضلع کرم میں 7 روز سے جاری جھڑپیں ختم، امن معاہدہ ہوگیا

کرم:ضلع کرم میں سات روزہ جھڑپیں ختم ہوگئیں، امن جرگہ نے فریقین کے مابین ایک سال تک معاہدے پر دستخط کردیئے۔ فریقین سے مورچے خالی کرکے سیکورٹی فورسسز اور پولیس اہلکار تعینات کردی گئی ہے، معمولات بحال ہونا شروع ہوگئے۔ وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز و انسانی وسائل ساجد طوری اور جرگہ ممبر سیٹھ گوہر بنگش کے مطابق ضلع کرم میں سات روزہ جھڑپیں روکوانیں میں اورکزئی، ہنگو، اور کوہاٹ سے آئے ہوا جرگہ کامیاب ہوا اور فریقین سے کامیاب مذاکرات کے بعد امن معاہدہ تحریر کر لیا، فریقین کی جانب امن تیگہ رکھ لیا گیا، ایک سال کے دوران جس فریق نے بھی خلاف ورزی کی 12 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ جرگہ میں کمشنر کوہاٹ محمد علی شاہ، بریگیڈئیر شہزاد عظیم، ڈپٹی کمشنر کرم سید سیف الاسلام شاہ، ڈئی آئی جی کوہاٹ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔اس موقع پر وفاقی وزیر ساجد طوری کا کہنا تھا کہ فائر بندی کا معاہدہ نیک شگون ہے اس معاہدے کے تحت اصل مجرموں تک پہنچنے میں آسانی ہوگی، جہاں کوئی واردات ہوگی وہاں مجرموں کا پتہ لگا کر کاروائی کی جائی گی۔ اسی طرح شاہراہوں میں رکاوٹ ڈالنے والوں کیخلاف کاروائی کی جائے گی۔ ساجد طوری کا کہنا تھا کہ فریقین کے مابین جتنے بھی تنازعات ہیں مل بیٹھ کر مسائل کے حل میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔ اسی طرح محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کے پرامن انعقاد کیلئے تمام مکاتب فکر کے لوگ خصوصاً علماء اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے ریاض شاہین کا کہنا تھا کہ ضلع کرم کی ترقی کا راز امن میں ہے اور ضلع میں پائیدار امن کے قیام کیلئے تمام مکاتب فکر کو اقدامات کی ضرورت ہے۔