فلسطینوں کا قاتل اسرائیل عمران خان کی حمایت میں کھڑا ہو گیا

اسلام آباد:وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ اسرائیل کب سے انسانی حقوق کا علمبردار بننے لگا ہے ؟ فلسطینوں کا قاتل اسرائیل عمران خان کی حمایت میں کھڑا ہو گیا ہے ، یہ گٹھ جوڑ ثابت ہوچکا ہے ، 9 مئی کا فائدہ کس کو ہوا اور اسکے پیچھے کون ہے اس کا جواب سامنے آچکا ہے ،آج پروٹوکول میں عدالتوں میں پیش ہونے والے عمران خان کو وہ لمحہ یاد نہیں جب چاند رات کو فریال تالپور کو بکتر بند گاڑی میں لے جایا گیا ،کسی بھی سابق وزیراعظم نے ملک دشمنی نہیں کی جیسے عمران خان کر رہا ہے ، امریکہ سے تنقید کرانے میں ناکامی پر عمران خان اسرائیل کو سامنے لے آئے ۔ معاون خصوصی عطا تارڑ کے ہمراہ پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا کہ اقوام متحدہ جیسے فورم سے پی ٹی آئی اور نیازی کو اسرائیل کی جانب سے حمایت کرنا ثابت کرتا ہے کہ 9 مئی کے پیچھے کون ہے ، ان کے تانے بانے ملک کے دشمنوں سے مل رہے ہیں ۔ مسلم امہ کی مظلوم اقوام کشمیر اور فلسطین پر مظالم کے پیچھے یہی لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی سے کس نے فائدہ اٹھایا وہ بھی سامنے آگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے انسانی حقوق کی مبینہ پامالی پر بھرپور حمایت کی ہے ،اب ان کے لنکس اور اتحاد قوم کے سامنے آگیا ہے ، یہ مضحکہ خیز ہے کہ اسرائیل یہ درس دے رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 70 سال سے اسرائیل مظالم ڈھا رہا ہے ، اسرائیل جو اجتماعی سزا پر یقین رکھتا ہے اس کا یہ بات کہنا ظاہر کرتا ہے کہ یہ ایک ایسا اتحاد ہے جس میں پاکستان کے دشمن نیازی اور اسکے ایکشن کی حمایت میں کھڑے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پتہ چل گیا کہ عمران خان کو فارن فنڈنگ کے پیچھے کون ہے ،9 مئی کو شہدا کی یادگاروں کو نہیں چھوڑا گیا ، پاکستان کی سلامتی کے خلاف زہر گھولنے والے کس منہ سے عوام کا سامنا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور اسرائیل کے وحشیانہ رویئے کو گلے لگانے والوں نے ہمیشہ پاکستان کے مخالف باتیں کیں ، امریکی سائفر کہاں گیا، اسکے بعد اربوں روپے لگا کر امریکہ سے تعلقات ٹھیک کرنے کے لئے لابنگ جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کب سے انسانی حقوق کا علمبردار بننے لگا ہے ؟ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر طرح کے حالات کا سامنا کیا ہے ، آج عمران خان کہتا ہے کہ میری تذلیل ہوئی ان سے سوال ہے کہ ان کے دور میں جو سیاسی قیادت کی تذلیل کیا کرتے تھے وہ یاد نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جب وزیراعظم تھے تو جیلوں میں سی کلاس دینے کی باتیں کرتے تھے ، آج وہ پروٹوکول میں عدالتوں میں آتے ہیں اور پھر بھی سوال کرتے ہیں کہ میرے ساتھ تذلیل کیوں ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ چاند رات کو فریال تالپور کو بکتر بند گاڑی میں لیجایا گیا ، وہ لمحہ یاد نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک کہانی سامنے آئی ہے بہت سی چیزیں سامنے آنا باقی ہیں، پاکستان کی تاریخ میں کبھی کسی سیاستدان نے ایسا نہیں کیا، ذوالفقار علی بھٹو کو تختہ دار پر لیجایا گیا پھر بھی کسی تنصیات پر حملے کا سوچا ہی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپنے والد کی پھانسی کے بعد ضیا الحق کا راج دیکھتے ہوئے بے نظیر بھٹو جب واپس آئیں تو وہ کینٹونمنٹس سے ہوتی ہوئی آئیں لیکن ایک گملا بھی نہیں ٹوٹا ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ہمیشہ کہا کہ ہم پاکستان کے معاملات میں حصہ نہیں ڈالنا چاہتے ، ان کی کوشش رہی ہے کہ باہر سے پاکستان کی حکومت پر تنقید کراسکے ، اسرائیل سے تنقید بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی کی تذلیل کی حمایت نہیں کرتے اور نہ ہی اپنے ادوار میں سیاسی قیدی رکھے ہیں ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا کہ یہ معاملہ سنگین نوعیت کا پاکستان کی سلامتی سے متعلقہ معاملہ ہے ، نہتے فلسطینوں کی تحریک پر مظالم ڈھائے گئے، مسلمانوں کی نسل کشی کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی ملک دشمن کارروائی ہے ،ہم روز اول سے کہہ رہے تھے ، جنہوں نے یہ کارروائی کرائی ان کے ملک دشمن سے رابطے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا اقوام متحدہ میں عمران خان کی حمایت میں نکل آنا سب کچھ بتا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکیم سعید بہت پہلے کہہ گئے تھے کہ پاکستان میں ایک ایسا لیڈر آئے گا جس کا اسرائیل سے گٹھ جوڑ سامنے آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف فارن فنڈنگ کیس میں یہ بھی سامنے آیا کہ اسرائیل سے فنڈنگ آئی تھی ۔ پی ٹی آئی کی پاکستان مخالف قوتوں سے مضبوط روابط ہیں ، کسی اسرائیلی شخص کو کیا ضرورت ہے کہ وہ پاکستان میں ایک سیاسی جماعت کو فنڈز دے ۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی پاکستان کے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک دن ہے ، ایک سیاسی جماعت کے چند مٹھی بھر عناصر نے پاکستان کی عزت کو مجروح کرنے کی کوشش کی ، اس کا مقصد تھا کہ عمران خان ریاست سے بڑا ہے ۔یہ ملک ہے تو ہم ہیں، پاکستان کی ریاست سے کوئی بڑا نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کےساتھ تانے بانوں سے یہ بات عیاں ہو چکی ہے کہ عمران خان نیازی کس کے کہنے پر یہ سب کچھ کرتا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی واقعے کے بعد جتنے بھی لوگوں کی شناخت ہوئی ہے وہ 100 فیصد پی ٹی آئی کے لوگ تھے ، ایک فوجی افسر کی وردی ہاتھ میں اٹھانے والا بھی پی ٹی آئی کا ہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کیا دفاعی تنصیات پر حملے ، گھیرائو ،جلائو ، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی پرامن احتجاج تھا ؟ معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا کہ عمران خان امریکہ کے دورے سے واپس آیا تو کہا کہ کشمیر کے لئے ورلڈ کپ لے کر آیا ہوں اسکے فوری بعد ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی۔