یو ایس ایڈ کی جانب سے خیبرپختونخوا کے بورڈ آف ریونیو کو 50لاکھ ڈالر مالیت کے سامان کی فراہمی

اسلام آباد:امریکی حکومت خیبر پختونخوا کے نئے ضم شدہ اضلاع کی سات سب ڈویژنوں میں اراضی کھاتوں اور ان کی رجسٹریشن کے عمل میں میں شفافیت اور درستگی، اقتصادی نمو کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لئے خیبرپختونخوا کی حکومت کے ساتھ اشتراک عمل کر رہی ہے۔اس سلسلے میں گزشتہ روزمنعقدہ ایک تقریب میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلَوم نے شرکت کی۔ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ)نے صوبہ کے بورڈ آف ریونیو کو 50لاکھ ڈالر مالیت کا سامان فراہم کیا جس کے بعد محکمہ کی اراضی کی درست پیمائش کی صلاحیت میں اضافہ ممکن ہو گا۔ امریکی سفارتخانہ سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق امریکہ نے صوبائی محتسب کے عملے کو با اختیار بنانے کے لئے ایک نئی شراکت کا بھی اعلان کیا جس کے تحت محتسب کے دفتری عملے کو خواتین کے حقوق اور اراضی کے تصفیہ کے حوالے سے قواعد و ضوابط کی تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس عمل کا مقصد جائیداد اور وراثت کے حوالےسے خواتین کے حقوق کے تحفظ میں محتسب کے کلیدی کردار کے بارے میں آگہی پیدا کرنا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بورڈ آف ریونیو کے سینئر ممبر اکرام اللہ خان نے کہا کہ یو ایس ایڈ کی معاونت سے صوبائی بورڈ آف ریونیونئے ضم شدہ اضلاع کی سات سب ڈویژنوں میں اراضی کا تمام ریکارڈڈیجیٹلائز کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح اراضی کے ریکارڈ کے نظام میں انقلابی تبدیلیاں رُونما ہونگی اور کارکردگی، درستی اور سہولت کی وجہ سےضم شدہ اضلاع کے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔خیبر پختونخوا کے اپنے دورہ کے دوران سفیر بلوم نےانسپکٹر جنرل پولیس اختر حیات اور دیگر پولیس افسران کے ہمراہ نوشہرہ میں حال ہی میں ایک کروڑ 72لاکھ ڈالر مالیت سے پایہ تکمیل کو پہنچنے والے جوائنٹ پولیس ٹریننگ سینٹر کا افتتاح کیا۔ اس سینٹر کے افتتاح سے انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء اِنفورسمنٹ آفیئرز ( آئی این ایل) کی مالی اعانت سے جاری بارہ برسوں پر محیط یہ پروگرام پایہ تکمیل کو پہنچ گیا جس پراقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کی جانب سے عملدرآمد نے ایک وقت میں ٹریننگ سینٹر کی تربیتی صلاحیت کو 1700افراد تک بڑھا دیا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ سینٹر آئی این ایل کی جانب سے اب تک پاکستان میں سب سے بڑا تعمیراتی منصوبہ ہے۔ اس منصوبہ کے تحت، تدریسی عمارتوں، ہیلتھ یونٹ، عورتوں اور مردوں کے ہوسٹل، اور متفرق مقاصد پر مبنی ہال سمیت پچھتر عمارتیں تعمیر کی گئیں۔ سفیر ڈونلڈ بلوم اور آئی جی پولیس اختر حیات نے ایک معاہدے پر بھی دستخط کئے جس کے تحت خیبر پختونخوا کی پولیس کو تِیس لاکھ ڈالر مالیت کی بکتربند گاڑیاں، بلٹ پروف جیکٹس اور ہیلمٹس فراہم کئے جائیں گے۔اس موقع پر سفیر بلَوم نے کہا کہ اس سرمایہ کاری سے دیرپا مثبت اثرات مرتب ہوں گے اورخیبر پختونخوا کے دور افتادہ اور کمزور انتظامی کنٹرول والے علاقوں میں نفاذِقانون کو مؤثربنا کر ہوئےتحفظ اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔