کشمیریوں کا بھارتی قبضے کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم

سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے اپنے مادر وطن کی آزادی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ قتل و غارت، گرفتاریاں اور تشدد کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کمزور نہیں کر سکتے اور وہ بھارتی گولیوں کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن اپنے حق خودارادیت سے دستبردار نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو شکست نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کے پاس بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی تک اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے رہیں گے۔ حریت ترجمان نے کہا کہ کشمیری عوام مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے متحد ہیں اور بھارتی تسلط کو تسلیم نہ کرنے پر ہم کشمیری عوام کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم کے خلاف جاری عوامی جدوجہد کشمیر کی تاریخ کا سنہرا باب ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری آزادی کی صبح دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کا فوجی قبضہ عالمی برادری کے لیے ایک چیلنج ہے اور اسے تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا چاہیے۔