سال 2023ء میں مہنگائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے

لاہور:2023 میں مہنگائی کے تمام ہی ریکارڈ ٹوٹ گئے، اشیائے خوردونوش 100 فیصد مہنگی ہو گئیں، آٹے کی قیمت 1400 سے بڑھ کر 2300 روپے، مرغی کی قیمت 210 سے بڑھ کر 500 روپے جبکہ روٹی کی قیمت 10 روپے سے بڑھ کر 25 روپے ہو گئی، دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بھی بے تحاشا اضافہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق سال 2023 میں ملک میں اشیائے خوردونوش میں 100 فیصد اضافہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ایک سال میں فی کلو آلو 40 روپے سے 70، زندہ مرغی 210 روپے اضافے سے 500 روپے سے زائد جب کہ فی کلو آم کی قیمت 110 سے 190 روپے تک پہنچ گئی۔ گزشتہ برس چینی 95 روپے کلو تھی جو اب 125 روپے کلو ہوگئی ہے، اس کے علاوہ آٹے کا تھیلا 1400 روپے سے تجاوز کرکے اب 2300 روپے میں میسر ہے۔ برانڈ کا گھی پچھلے سال فی کلو 370 روپے کا تھا جو اس سال 500 روپے سے زائد میں فروخت ہوا جبکہ ایک سال میں 10 روپے مہنگی ہو کر روٹی 25 روپے پر جا پہنچی ہے۔واضح رہے کہ ملک میں مہنگائی کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں ہوشربا اعداد و شمار بتائے گئے ہیں۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق مئی کے مہنگائی کے ماہانہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح 76 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 1.58 فیصد کا اضافہ ہو گیا، جس کے بعد مہنگائی کی مجموعی شرح 38 فیصد تک پہنچ گئی۔