بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن،8 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی:پاک فوج نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنادیا، فضائیہ اور بڑی فوج کے دستوں کے ذریعے دہشت گردوں کا تعاقب کرکے انھیں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 8 دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کے قافلے پر گھات لگا کر حملہ کرنے کی کوشش کی۔الرٹ اور جنگی تیار دستوں نے نہ صرف اس بزدلانہ کوشش کو بغیر کسی جانی نقصان کے ناکام بنا دیا بلکہ انہوں نے زمینی دستوں اور فضائی آلات کا استعمال کرتے ہوئے فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے فوری طور پر فالو اپ آپریشن بھی شروع کیا۔مزہبند رینج میں دہشت گردوں کے ایک مشتبہ ٹھکانے کی نشاندہی کی گئی جہاں سے کلیئرنس کی کارروائی شروع کی گئی۔اس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد مارے گئے جبکہ بارودی مواد سمیت اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کر لیا گیا۔پاکستان کی سکیورٹی فورسز ،ملک دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کے کہنے پر دشمن عناصر کی جانب سے صوبے میں محنت سے حاصل کیے گئے امن کو درہم برہم کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بناتی رہیں گی۔