پیپلزپارٹی ووٹوں کیلئے بلیک میلنگ اور پیسے کا بےدریغ استعمال کرتی ہے

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ دھاندلی زدہ انتخابات احتجاج اور انتشار کی شدت میں مزید اضافے کا باعث بنیں گے، پیپلزپارٹی آزادانہ وشفاف انتخابات میں قطعاً یکسو نہیں، سندھ میں بلدیاتی انتخابات کی رپورٹس سے واضح ہوچکا، پیپلزپارٹی ووٹوں کیلئے بلیک میلنگ اور پیسے کا بےدریغ استعمال کرتی ہے۔انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ سندھ میں تازہ ترین بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے رپورٹس کے بعد یہ واضح ہوچکا کہ پیپلزپارٹی آزادانہ و شفاف انتخابات میں قطعاً یکسو نہیں بلکہ یہ ووٹوں کے حصول کیلئے طاقت، بلیک میلنگ، پولیس اور پیسے کا (بےدریغ ) استعمال کرتی ہے۔ اب تو یہ بھی ثابت ہوچکا کہا الیکشن کمیشن، مجرموں کے (برسرِاقتدار) گروہ اور ان کے سرپرستوں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی راہ میں کیوں روڑے اٹکائے۔الیکٹرانک ووٹنگ مشین شفافیت اور نتائج کی فوری دستیابی ممکن بناتی ہیں جس سے دھاندلی اور نتائج میں ردو بدل کے دروازے بند ہوتے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے وہ نتائج جنہیں بیشتر مقامات پر چند گھنٹوں ہی میں سامنے آ جانا چاہیئے تھا کئی روز کی ناقابلِ فہم تاخیر سے موصول ہوئے جس سے بڑے پیمانے پر گڑبڑ کے امکانات ہیں۔ اگر الیکشن کمیشن آف پاکستان، ریاست اور پی ڈی ایم اسی قسم کے انتخابات چاہتے ہیں تو ملک کو وہ استحکام، جو انتخابات کے (صاف شفاف) انعقاد سے جڑا ہے کبھی میسر نہ ہوگا بلکہ اس قسم کے دھاندلی زدہ انتخابات احتجاج، پولرائزیشن اور انتشار کی شدت میں مزید اضافے کا باعث بنیں گے۔