ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم کی جائے گی

راولپنڈی:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم کی جائے گی، کسی کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم اور بہادر مسلح افواج کی بے مثال قربانیوں کے ذریعے حاصل کی گئی کامیابیوں کو پٹڑی سے اتارنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وہ سی ایم ایچ راولپنڈی میں سی ٹی ڈی بنوں آپریشن میں زخمی ہونے والے پاک فوج کے افسروں اور جوانوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سی ایم ایچ راولپنڈی سی ٹی ڈی کمپلیکس بنوں آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے افسروں اور جوانوں کی عیادت کی، وزیراعظم نے آپریشن میں حصہ لینے والے فوجیوں کی جرات اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ شہداء اور ان کے اہل خانہ نے پاکستان کے عوام کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم پرامن اور مستحکم ماحول کے حصول تک ہر طرح کے دہشت گردوں ، ان کے حامیوں اور ہمدردوں کے درمیان گٹھ جوڑ کو توڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم کی جائے گی اور کسی کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم اور بہادر مسلح افواج کی بے مثال قربانیوں کے ذریعے حاصل کی گئی کامیابیوں کو پٹڑی سے اتارنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔