آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ آج سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ آج سندھ میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف اپنے دورے کے دوران امدادی سرگرمیوں میں مصروف فوجی دستوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ پاک فوج نے متاثرین کی مدد کے لیے 212 ریلیف کلیکشن پوائنٹس قائم کر رکھے ہیں جن میں سے سندھ میں 81، پنجاب میں 73، بلوچستان میں 41 اور خیبر پختونخوا میں 17 ہیں۔پاک فوج نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے فلڈ ریلیف ڈونیشن اکاؤنٹ بھی قائم کر دیا ہے۔ اکاؤنٹ عسکری بینک جی ایچ کیو برانچ میں کھولا گیا ہے اور عوام اکاؤنٹ نمبر 00280100620583 میں عطیات جمع کرا سکتے ہیں۔
بلوچستان میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ پاک فوج اور ایف سی کی جانب سے کوئٹہ، مسلم باغ، چمن، سوئی، ڈیرہ بگٹی، سبی، لہڑی، نصیر آباد، بیلہ، اُتھل اور جعفر آباد میں امدادی کیمپ قائم کیے ہوئے ہیں۔ امدادی کیمپس میں خوراک اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
سیلاب متاثرین کے لیے کوئٹہ، مسلم باغ، سوئی، ڈیرہ بگٹی، سبی، دوبندی، لہڑی، سدوری، لکڑہ ضلع لسبیلہ میں بھی فری میڈیکل کیمپ لگائے جا رہے ہیں۔ صوبہ پنجاب میں بھی سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ڈیرہ غازی خان، روجھان اور لیہ میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کیے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے محصور خاندانوں کو خوراک اور دیگر سہولیات فراہم کیں جبکہ راجن پور میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے امداد اور بچاؤ کی کوششیں کی گئیں۔ جام پور میں ہرند، نور پور ماجھو والا، موضع کان والا اور ماڑی میں امدادی سرگرمیاں کی گئیں۔ تحصیل جام پور میں دربار سخی بور، بمبلی، بستی نوخمی میں بچاؤ، امدادی کام کیے گئے جبکہ تحصیل روجھان میں ڈیرہ دلدار، ڈیرہ جیون، چک مٹ نمبر 2 میں بھی ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے ضلع خیرپور، ضلع لاڑکانہ، ضلع نوشہرو فیروز، ضلع شکارپور، ضلع قمبر شداد کوٹ، ضلع جیکب آباد، ضلع کشمور، ضلع بدین، ضلع میر پور خاص، ضلع سانگھہ، ضلع مٹیاری، ضلع عمرکوٹ، میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن کیا۔ ضلع حیدرآباد، ضلع ٹنڈو محمد خان، ضلع ٹھٹھہ، ضلع جامشورو، ضلع بدین، ضلع سجاول، ضلع دادو۔ بدین، سجاول، ٹھٹھہ اور عمرکوٹ میں 4x میڈیکل کیمپ لگائے گئے۔ بدین، سجاول، ٹھٹھہ اور عمرکوٹ میں 1700 سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 150 افراد کے لیے امدادی کیمپ قائم کیے گئے ہیں اٹک اور ایبٹ آباد میں فوج کی فارورڈ تعیناتی کی گئی ہے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 4x فیلڈ میڈیکل کیمپ لگائے گئے جہاں 715x مریضوں کا علاج کیا گیا۔ چارسدہ میں سیلاب متاثرین کے لیے 7x ریلیف کیمپ قائم کیے گئے جبکہ نوشہرہ اضلاع کی ہر تحصیل میں 3x ریلیف کیمپ قائم کیے گئے۔ سول انتظامیہ کو ضروری مدد فراہم کی جا رہی ہے۔